سوشل میڈیا پر واقعہ کی ویڈیو سے ملزمان کی نشاندہی کر لی گئی، پولیس ترجمان
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) شہر کے مشرقی علاقے میں شاپنگ سینٹر کے باہر نوجوان کو زدوکوب کرکے فرار ہونے والے چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ۔ ریجنل پولیس ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ رنگ روڈ پر شاپنگ مال کے مرکزی دروازے پر چند افراد نے ایک نوجوان کوجواپنی والدہ کے ہمراہ مال میں جارہا تھا روکا اور اسے زد و کوب کرنے لگے ۔ نوجوان کی معمر والدہ نے مداخلت کی تو ملزمان نے اسے بھی دھکا دیا اور فرار ہوگئے ۔ وہاں موجود افراد نے واقعہ کی وڈیو بنا ئی جو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی گئی ۔ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتا ر کیا جس نے باقی ساتھیوں کی بھی نشاندہی کر دی ۔چاروں ملزمان مقامی ہیں جنہوںنے ابتدائی تحقیقات میں بتایا کہ جسے انہو ںنے زدوکوب کیا تھا اس نے اپنی گاڑی سے انہیں راستہ نہیں دیا تھا جس پر وہ غصے میں آگئے اور اس کا تعاقب کیا ۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی حفاظت کرنا پولیس کا فرض ہے ۔ کسی کو بھی امن عامہ سے کھلواڑ کر نے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے ہمہ وقت چوکس ہیں ۔