شاہ سلمان اور خاقان عباسی میں مذاکرات
ریاض.... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پیر کو ریاض کے شاہی قصر میں مذاکرات کئے۔ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات اور خطے کے حالات حاضرہ پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر شاہ سلمان کی معاونت کیلئے گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر ، وزیر مملکت و رکن کابینہ شہزادہ ڈاکٹر منصور بن متعب، وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود، وزیر تجارت و سرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد القصبی، وزیر مملکت و سربراہ ایوان شاہی خالد العیسیٰ، وزیر مملکت برائے امور خارجہ نزار مدنی اور پاکستان میں متعین سعودی سفیر نواف المالکی موجود تھے جبکہ پاکستان کی طرف سے وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف،چیف آف اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈائریکٹر جنرل محکمہ خفیہ نوید مختار اور مملکت میں متعین سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق شریک ہوئے۔ اس سے قبل شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے وزیراعظم پاکستان کو ریاض کے اپنے محل پہنچنے پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے وزیراعظم کے ہمراہ آئے ہوئے وفد کابھی خیر مقدم کیا۔ وزیراعظم پاکستان نے شاہی خاندان کے ا فراد ، وزراءاور فوجی شعبوں کے کمانڈروں سے مصافحہ کیا۔ خادم حرمین شریفین نے وزیراعظم پاکستان کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیا۔ جس میں شاہی خاندان کے افراد، وزراء،فوجی عہدیدار اوراعلیٰ سرکاری عہدیدار بھی شریک ہوئے۔