Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ: مازن بترجی نے متعارف کرانے کیلئے پاکستانی کینو تقریب کا افتتاح کردیا

    جدہ - - - - - - -  - جدہ ایوان تجارت و صنعت کے نائب چیئرمین  مازن بترجی نے جدہ میں ایک سپر مارکیٹ  میں پاکستانی کینو  کو متعارف  کرانے کیلئے  تقریب کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر  سپر مارکیٹ کے چیئرمین  عبداللہ الدرویش  اور سی ای او خالد الدرویش بھی موجود تھے۔ افتتاحی  تقریب میں سعودی عرب کے اہم کاروباری افراد ، ڈپلومیٹ، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور سپر مارکیٹ کے گاہکوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ پاکستان قونصلیٹ جدہ  نے سپر مارکیٹ اور  الرفیق  گروپ پاکستان کے تعاون سے پاکستانی کینو کی ایک  ہفتہ کی تشہیری مہم  کا اہتمام کیا تاکہ اس پھل کو سعودی مارکیٹ  میں فروغ دیا جاسکے۔  مازن بترجی نے قونصل خانے کی کوششوں  کی تعریف کی اور کہا کہ مختلف النوع  پیداواری صلاحیت اور مسابقتی  قیمتوں کے باعث پاکستانی پھل اور سبزیاں سعودی عرب میں مقبول ہیں۔  انہوں نے کہا کہ جدہ چیمبر آف کامرس ایسی تجاویز کی حوصلہ افزائی اور حمایت کرتا ہے جس سے  دو طرفہ تجارتی سرمایہ کاری کو فروغ ملے۔ انہوں نے پاکستان قونصلیٹ کو دیگر منصوبوں کے حوالے سے بھی  اپنی مکمل  حمایت کا یقین دلایا۔ اس موقع پر  مہمانو ں کا استقبال کرتے ہوئے پاکستان قونصل جنرل شہریار اکبر خان نے کہا کہ  پاکستان دنیابھر میں  کینو کا چھٹا بڑا پیداواری ملک ہے اور اسکی پیداواری صلاحیت تقریباً 2 ملین ٹن سالانہ  ہے۔ انہوں نے  مزید کہا کہ پاکستان میں بڑے پیمانے پر فارم ہیں جو عالمی سطح پر تسلیم شدہ معیار کے مطابق پھل تیار کررہے ہیں۔ شہریار اکبر خان نے کہا کہ یہ یونٹ  سعودی صارفین میں پاکستانی کینو  کو متعارف کرانے کیلئے ایک انٹرایکیٹو تقریب ہے۔  انہوں نے   کامیاب  تقریب کے انعقاد پر منتظمین کو سراہا ۔  افتتاحی تقریب میں صارفین کی تواضع کیلئے کینو  سے بنے مختلف  قسم کے مشروبات اور مٹھائیاں بھی موجود  تھیں  پاکستانی کینو  ہفتہ بھر  پروموشنل قیمت پر فروخت کیا جائے گا۔

شیئر: