Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عوام کی آواز گم نہ ہو

پیر 22جنوری 2018ءکو سعودی اخبار ”عکاظ“ کا اداریہ

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سرکاری اداروں کو ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی رپورٹوں کے فوری جواب کی ہدایت کرکے عوامی رائے کی قدرو قیمت کو اجاگر کردیا۔ عوام وزارتوں ، محکموں اور سرکاری اداروں سے مطلوبہ خدمات کی بابت بہت سارے سوالات کے جواب کے منتظر ہوتے ہیں۔ صحیح معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اس حوالے سے ابہام اور غموض پایا جارہا تھا۔ شاہ سلمان نے مذکورہ ہدایت جاری کرکے معلومات کی بابت پائے جانے والے ابہام کو دور کرادیا۔ شاہ سلمان نے تمام سرکاری اداروں کو تاکید کی ہے کہ جیسے ہی کوئی رپورٹ کسی جریدے یا میڈیا کے کسی ذریعے میں شائع ہو فوراً ہی اس سے متعلق چشم کشا حقائق پیش کئے جائیں۔ حقیقت کے منافی امور کی بابت وضاحت دی جائے۔ تیزی سے آنے والی تبدیلیوں اور سوشل میڈیا کے انقلاب نے سرکاری اداروں کے ترجمانوں کو موثر کردارادا کرنے کی تحریک دی ہے۔ سرکاری ترجمانوںکومستعدی کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ مغالطہ آمیز معلومات سے رائے عامہ گمراہ نہ ہو اور افواہوں کا سدباب پہلی فرصت میں کردیا جائے۔
شاہی ہدایت میں اس امر کی بھی تاکید کی گئی ہے کہ وزراءاور اعلی عہدیدار اپنے اپنے علاقوں کے دورے پابندی سے کریں۔ اپنے اداروں کی کارکردگی کا معائنہ کریں۔ عوام کو سنیں ۔ دوروں سے متعلق مفصل رپورٹیں ایوان شاہی کو پیش کریں۔ 
سعود حکومت کو اس بات کا پورا احساس و ادراک ہے کہ عوام اور عہدیداروں کی ملاقاتیں خدمات کا معیار بہتر بنانے میں معاون بنتی ہیں۔ نیا سعودی عرب ریاست کی تعمیراتی اسکیمیں مرتسم کرنے کے سلسلے میں جدید مطالعات اوراعدادوشمار پر انحصار کررہا ہے۔سعودی وژن 2030 کے مطابق مملکت کا نیا روڈ میپ تیار ہورہا ہے۔ اسکی قیادت ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کررہے ہیں۔ وہ حرمین شریفین کی سرزمین کو آئندہ برسوں کے دوران دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے مدمقابل لانے کیلئے سرگرداں ہیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
 

شیئر: