المعلیٰ قبرستان : پارکنگ فیس شروع
مکہ مکرمہ .... مکہ مکرمہ کے شہرہ آفاق قبرستان المعلیٰ جانے والوں سے پارکنگ فیس وصول کی جانے لگی۔ مکہ میونسپلٹی نے اسکا ٹھیکہ ایک نجی کمپنی کو دیدیا ہے۔ تدفین کے بعد باہر آنے والے شہری اس وقت حیرت زدہ رہ گئے جب انہیں اپنی گاڑی پارکنگ سے اس وقت تک نکالنے سے روک دیا گیا تاوقتیکہ وہ پارکنگ فیس ادا نہ کردیں۔ مکہ میونسپلٹی کے ترجمان اسامہ زیتونی نے عکاظ اخبار سے گفتگو میں کہا کہ 900گاڑیوں کی پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ کسی شہری کو پارکنگ کے حوالے سے کوئی شکایت ہو تو پیش کرے دور کی جائیگی۔ ایک اطلاع یہ ہے کہ بعض لوگوں نے پارکنگ فیس کے نفاذ کے بعد المعلیٰ میں تدفین نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ کئی لوگوں کا کہناہے کہ وہ المعلی میں دفنائے جانے والے اعزہ و احباب کے جنازے میں شریک نہیں ہونگے۔