سوات: کالام اسنو جیپ ریلی ملک امیر سید نے جیت لی
سوات: پاکستان کے معروف تفریحی مقام سوات کی وادی کالام میں ہو نے والی ا سنو جیپ ریلی کے دوران برف سے اٹے مشکل ٹریک پر ڈرائیورو ں نے زبردست مہارت کا مظاہرہ کرکے سب کو حیران کردیا۔ پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سطح سمندر سے ساڑھے 8ہزار فٹ کی بلندی پر واقع وادی کالام میں اسنو جیپ ریلی کا انعقاد کیاگیا۔ ملک بھر سے 42ڈرائیوروں نے حصہ لیا ۔ ڈرائیوروں کو برف سے ڈھکے مشکل اور سنگلاخ راستوں پر 7کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنا تھا۔ بظاہر یہ فاصلہ بہت کم نظر آتا ہے لیکن جب علاقہ پہاڑی ہو اور ٹریک بھی برف میں چھپا ہو تو یہ فاصلہ بھی انتہائی مشکل اور بعض لوگوں کےلئے ناممکن ہو جاتا ہے ۔ ریلی میں شریک ڈرائیوروں نے کسی خوف اور مشکل کی پروا کئے بغیرجیپیں دوڑائیں۔ ریلی کے اختتام پر ڈرائیوروں نے کہا کہ ٹریک بہت سخت تھا، برف بھی تھی ۔ گا ڑی پر کنٹرول مشکل ہو رہا تھاتاہم مقابلے میں بڑا لطف آیا۔مقابلہ 3حصوں پر مشتمل تھا، جس میں کالام کے ملک امیر سید نے کٹیگری اے میں 7 کلومیٹر کا فاصلہ 5 منٹ میں طے کرکے میلہ لوٹ لیا، کالام ہی کے جاوید کالامی نے کٹیگری بی میں لوہا منوایا تو کٹیگری سی میں پشاور کے فضل احمد بازی لے گئے۔ سیاحوں کی بڑی تعداد بھی جیپ ریلی کے مقابلوں اور حسین مناظر کو دیکھنے کےلئے موجود تھی ۔