بلوچ کلچر ڈے کو جہاں پاکستان بھر میں بلوچی ثقافت کے رنگوں کے ساتھ بھرپور طریقے سے منایا گیا وہیں ٹوئٹر پر بھی بلوچ ثقافت کے رنگ بکھرے نظر آئے۔ بلوچ کلچر ڈے پورا دن پاکستانی ٹرینڈز میں شامل رہا ۔ ٹویٹر صارفین بلوچی لباس اور رنگا رنگ تہواروں کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے نظر آئے۔
سینیٹر ثناءاللہ بلوچ نے ثقافتی لباس میں ملبوس بلوچ بچیوں اور عمائدین کی تصاویر ٹویٹ کیں اور لکھا کہ یہ رنگا رنگ لباس ، پگڑیاں اور چادریں بلوچی عوام کی تخلیقی صلاحیتوں ، پیار ، طاقت اور وقار کی نشانی ہیں۔
عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما بشریٰ گوہر نے بلوچ ثقافت کی رنگارنگ تصویریں ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ دن سب کے لئے امن خوشحالی اور خوشیاں لے کر آئے۔
مریم جمالی کا اپنی ٹویٹ میں کہنا تھا کہ اپنے بچوں کو اپنی ثقافت کے بارے میں سکھائیں اور انہیں اپنی ثقافت اور رسم و رواج کو سراہنے والا بنائیں۔ اپنی ثقافت پر پر شرمندہ ہونے کی وجہ ہمیشہ فخر محسوس کرنا چاہیے۔
حرا فاروق نے ٹویٹ کیا کہ بلوچی ثقافت کے اس دن کو امن ، اتحاد اور محبت کے پیغام کے طور پر منانا چاہیے۔