کھڑے ہو کر کام کرنا موٹاپے سے نجات دلانے میں مددگار
یورپ میں ہونے والی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ دفاتر یا گھروں میں زیادہ وقت بیٹھنے سے جسم میں موجود کیلوریز ختم نہیں ہوتیں جس کے باعث صحت خراب اور موٹاپا بڑھ جاتا ہے۔ لہذا طبی ماہرین نے دفاتر میں بیٹھ کر کام کرنے والے افراد کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آپ صحت مند زندگی گزارنا چاہتے ہیں اور موٹاپے سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو زیادہ سے زیادہ کھڑے ہوکر کام کریں۔
ماہرین کے مطابق موٹاپے سے عاجز اور وزن کم کرنے کے خواہش مند افراد کو دن میں زیادہ سے زیادہ وقت کھڑے ہوکر کام کرنا چاہیے کیونکہ اس عمل سے ہر منٹ میں 0.15فیصد اضافی کیلوری جسم سے ختم کی جاسکتی ہے۔ انسانی جسم میں کیلوریز کے بڑھ جانے سے ہارٹ اٹیک، ذیابیطس کے امراض لاحق ہونے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں . کھڑے ہو کر روزمرہ یا دفتر کے امور سرانجام دینے سے کیلوریز کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے ۔
محققین کے مطابق اگر 65 کلو گرام وزن کا حامل انسان روزانہ 6 گھنٹے کھڑے ہوکر کام کرتا ہے تو وہ اس طرح سال میں تقریبا ڈھائی کلو گرام تک وزن کم کرسکتا ہے اگر وہ ساتھ میں اخوراک کا توازن بھی برقرار رکھے ۔تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ کھڑے ہوکر کام کرنے والوں کی نہ صرف پیداواری صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ وہ مسائل کا حل بھی با آسانی نکال لیتے ہیں ۔ماہرین کے مطابق صحت کی بہتری اور وزن کی کمی کے لیے یہ حل مستقل تو نہیں البتہ اس کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ساتھ ہی ڈاکٹرز کا یہ بھی ماننا ہے کہ کام کرنے والوں کو ہر تھوڑی دیر میں کھڑے ہوکر اپنے آپ کو متحرک کرنا ضروری ہے۔