انٹر نیٹ ہندوستان کی ایجادہے ،وزیر اعلیٰ تریپورہ کا دعویٰ
جمعرات 19 اپریل 2018 3:00
اگر تلہ۔۔۔۔تری پورہ کے وزیر اعلیٰ بپلب کماردیب نے کہا کہ قدیم ہندوستان دنیا کے دیگر ممالک سے پہلے ٹیکنالو جی کے نئے افق کے درکھول چکا تھا۔ انٹر نیٹ قدیم ہندوستان کی ایجاد ہے اور ہزاروں سال براہ راست نشریات کیلئے استعمال کیا جاتا تھا۔ جدید ٹیکنالو جی کانفرنس میں دیومالائی کہانی کو ثبوت کے طور پر پیش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مہابھارت کی جنگ کے دوران سنجے نے دھرت راشٹر کو جنگ کا آنکھوں دیکھا حال سنایا تھا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ اس وقت انٹر نیٹ اور سیٹلائٹ موجود تھے۔ اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے چند سال قبل سائنسدانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ قدیم ہندوستان نے پلاسٹک سرجری پر مہارت حاصل کرلی تھی اوریہ مختلف دیو مالائی کہانیوں کے پس منظر میں بیان کیا تھا۔ یہ بھی دعویٰ کیاگیا تھا کہ ہوائی جہاز ہندوستان میں ایجاد کئے گئے۔وزیر اعلیٰ تری پورہ کے بیان پر ماہر اقتصادیات کوشک بامی نے ٹویٹر کے اکاؤنٹ پر تحریر کیا کہ قوم پرستی اور مذہبی قدامت پسندی میں حد سے گزر جانیوالوں کا مسئلہ یہ ہے کہ فلسفہ، حساب ، سائنس اور لٹریچر کے معاملے میں وقت صرف کرنے کی بجائے یہ ثابت کرنے میں لگ جاتے ہیں کہ ہندوستان میں 5ہزار سال قبل لوگ سائنس اور فلسفہ پڑھتے تھے۔