Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیرقانونی تارکین سے پاک مہم میں اب تک 1098042افراد گرفتار

ریاض..... غیر قانونی تارکین سے پاک وطن مہم کے تحت اب تک 10لاکھ98ہزار042غیر قانونی تارکین وطن گرفتار کئے جاچکے ہیں۔ ان میں سے 8لاکھ 9ہزار 321غیر قانونی اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کررہے تھے۔ ایک لاکھ98ہزار 759لیبر قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے جبکہ 89ہزار 962افراد غیر قانونی طورپر ملک میں داخل ہوئے تھے۔ غیر قا نونی تارکین وطن سے پاک مہم میں کام کرنے والی مشترکہ فورسز نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہم کے آغاز سے لیکر جمعرات 24شعبان1439ھ تک کے اعدادوشمار کئے گئے ہیں۔ مشترکہ فورس نے اس عرصے کے دوران 15ہزار 839 ایسے تارکین کو بھی گرفتار کیا ہے جو غیر قانونی طور پر ملک میں دراندازی کی کوشش کررہے تھے۔ ان میں سے 57فیصد یمنی ، 40فیصد ایتھوپین جبکہ 3فیصد دیگر ممالک کے شہری ہیں۔734ایسے افراد بھی گرفتار ہوئے ہیں جو غیر قانونی طور پر ملک سے باہر جانے کی کوشش کررہے تھے۔مہم کے دوران مشترکہ فورس نے 1999ایسے افراد کو گرفتار کیا ہے جو غیر قانونی تارکین کو ٹھکانہ مہیا کئے ہوئے تھے یا انکی مدد کررہے تھے۔341سعودی شہری گرفتار ہوئے ہیں جو غیر قانونی تارکین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت کے علاوہ ٹھکانہ بھی فراہم کئے ہوئے تھے۔گرفتار شدگان سعودیوں میں سے 316کیخلاف قانونی کارروائی کی گئی اور جرمانے ادا کرنے کے بعد انہیں رہا کردیا گیا جبکہ 25سعودی شہریوں کو سزا سنائی گئی۔اعلامیہ میں بتایا گیا کہ 12290 غیر ملکیوں کے خلاف تفتیشی کارروائی جاری ہے۔ ان میں سے 10367مرد جبکہ 1923خواتین ہیں۔ ایک لاکھ99ہزار 322غیر ملکیوں کو قید کی سزا سنائی گئی۔ ایک لاکھ55ہزار 681غیر ملکیوں کو آﺅٹ پاس بنوانے کیلئے اپنے اپنے سفارتخانے سے رجوع کی ہدایت کی گئی۔2لاکھ 88ہزار 161غیر قانونی تارکین کو مملکت سے بیدخل کیا گیا۔
 

شیئر: