مقامی زائرین حرم مکی کے بجائے قریبی مساجد میں تراویح پڑھیں، وزارت اسلامی امور
مکہ مکرمہ.... مقامی زائرین مسجد الحرام کے بجائے قریبی مساجد میں تراویح پڑھیں۔ حرم مکی شریف میں غیر معمولی بھیڑہے جس کے باعث مقامی افراد بیرون ملک سے آئے ہوئے زائرین کو موقع دیں۔ اسلامی امور ، دعوت اور ارشاد نے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ حرم مکی شریف میں غیر معمولی ازدحام ہے ۔ مقامی افراد حرم مکی شریف کے بجائے قریبی مساجد میں تراویح پڑھیں اور بیرون ملک سے آئے ہوئے زائرین کے لئے ایثار کریں۔ وزارت نے تمام مساجد کے ائمہ کو بھی ہدایت کی ہے کہ نمازیوں سے اپیل کریں کہ وہ اپنے محلے کی مسجد میں تراویح پڑھنے کا ہتمام کریں۔وزارت نے اعلامیہ میں کہا ہے کہ حدود حرم کے اندر واقع تمام مساجد میں نماز پڑھنے کا اجر ویسا ہی ہے جیسا حرم شریف میں نماز پڑھنے کا ہے۔ مقامی افراد خواہ وہ سعودی شہری ہوں یا غیر ملکی انہیں چاہئے کہ وہ حدود حرم میں واقع کسی بھی مسجد میں تراویح پڑھیں۔ بیرون ملک سے آئے ہوئے زائرین کو موقع دیں ۔ سکون اور اطمینان سے پڑھی جانے والی نماز بھیڑ اور لوگوں کو اذیت دینے سے بہتر ہے۔وزارت نے مکہ مکرمہ میں جگہ جگہ آگاہی بورڈ بھی نصب کردیئے ہیں جن میں مقامی افراد کو اپنے محلے کی مساجد میں تراویح پڑھنے کی تلقین کی گئی ہے۔