معتمرین نے ارض مقدس پہنچ کر قطری حکمرانوں کے من گھڑت دعوے جھٹلا دیئے، نائب وزیر حج
مکہ مکرمہ ..... سعودی عرب کے نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے واضح کیا ہے کہ عمرہ کیلئے ارض مقدس آکر قطری باشندوں نے اپنے حکمرانوں کے من گھڑت دعوے جھٹلا دیئے۔ قطری حکمراں مسلسل سعودی عرب کے خلاف افترا پردازی کرتے رہے ہیں کہ مملکت ، قطری عوام اور وہاں موجود غیر ملکیوں کو عمرہ ویزہ جاری نہیں کررہی ہے۔ مشاط نے کہا کہ ویسے تو قطر سے ایک بھی معتمر کی آمد اس قسم کے جھوٹے دعوے کی تردید کیلئے کافی تھی۔ تاہم قطر سے کثیر تعداد میں معتمرین آئے جس سے قطری حکمرانوں کے جھوٹ کی قلعی بہت اچھی طرح سے کھل گئی۔ انہوں نے عکاظ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کویت یا سلطنت عمان کے راستے ہمارے یہاں بہت سارے قطری شہری عمرے کیلئے پہنچے۔ ہمارے پاس اسکے دستاویزی ثبوت ہیں جو قطری بھی جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا اسے چند لمحوں میں امیگریشن کی کارروائی مکمل کرکے مکہ مکرمہ روانہ کردیا گیا۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ سعودی عرب نے حج اور عمرے کے حوالے سے اپنی ایک تاریخ رقم کررکھی ہے جسے چیلنج نہیں کیا جاسکتا۔ سعودی عرب فرقہ واریت، مسلک اور سیاسی اختلافات سے بالا ہوکر حج ، عمرہ اور زیارت کے ویزے جاری کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب حاجی کیمپس جدید خطوط پر استوار کرنے کی تیاری کررہا ہے تاکہ باہر سے آنے والے حاجی، معتمر اور زائر ایک طرف تو حاجی کیمپ میں قیام کرسکیں اوردوسری جانب سیر و تفریح کی خواہش پوری کرسکیں۔ تیسری جانب سعودی عرب کی تاریخ اور تمدن سے واقف ہوسکیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حاجیوں اور عمرہ کرنے والوں کی بسوں کو ٹریفک حادثات سے بچانے اور حج ٹرانسپورٹ کو بدنظمی سے محفوظ کرنے کیلئے بھی خصوصی تدابیر کی جارہی ہیں۔