قرض میں ڈوبے صحافی نے معصوم بچوں کو مار کر پھانسی لگالی
تلنگانہ۔۔۔۔ چندرا شیکھر راؤ کی حکومت میں ایک صحافی کی خودکشی کا انتہائی دردناک معاملہ پیش آیا ہے۔ تلنگانہ کے سدی پیٹ ضلع کا ہے جہاں صحافی ہنومنت راؤ نے پہلے تو اپنے2 معصوم بچوں کوگلا دبا کر قتل کر دیا اور پھر اس کے بعد خود بھی پھانسی لگا لی۔ اس دوران صحافی کی بیوی نے بھی خودکشی کے مقصد سے زہر کھا لیا لیکن آس پاس کے کچھ لوگوں کو کسی طرح اس کی خبر لگ گئی اور فوراً خاتون کو اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں اس کی حالت ہنوز سنگین ہے۔ذرائع کے مطابق ہن منت راؤ ایک تلگو اخبار میں کام کرتے تھے اور گزشتہ کچھ دنوں سے سنگین مالی بحران کے شکار تھے۔ ان پر تقریباً 10 لاکھ کا قرض تھا جس کی وہ ادائیگی نہیں کر پا رہے تھے۔ اس سلسلے میں سدی پیٹ کے اے سی پی رامیشور نے بتایا کہ ممکن ہے قرض میں ڈوبے ہنومنت نے اپنی پریشان حالی سے تنگ آ کر پہلے بچوں کو ہلاک کیا اور پھر خود بھی پھانسی لگا لی۔ انھوں نے بتایا کہ قرض کی وجہ سے بدھ کے روز ہنومنت نے اپنی بیوی مینا کے ساتھ پہلے تو 5 اور 3 سال کے بچوں کو مار دیا اور پھر اپنی جان دینے کی کوشش کی۔ اس کوشش میں ہنومنت تو کامیاب ہو گیا لیکن اس کی بیوی کو کچھ لوگوں نے اسپتال میں داخل کرا دیا جو اس وقت زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہی ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں معاملہ درج کر لیا اور تینوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔