Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر نااہل قرار

کوئٹہ: عدالت عالیہ بلوچستان نے پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر علی مدد جتک کو آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات کے لیے نااہل قرار دے دیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس نذیر لانگو پر مشتمل بلوچستان ہائی کورت کے بینچ نے یہ اہم فیصلہ سنایا۔ عدالت عالیہ نے ریٹرننگ آفیسر اور اپیلٹ ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے علی مدد جتک کو انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نااہل قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ ریٹرننگ آفیسر نے علی مدد جتک کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے تھے ، جس پر انہوں نے ایپلٹ ٹریبونل میں اپیل دائر کی۔ تاہم وہاں بھی ریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھا گیا تھا، جس پر علی مدد جتک نے ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف عدالت عالیہ میں آئینی درخواست دائر کی تھی۔ عدالت عالیہ نے گزشتہ سماعت پر علی مدد جتک کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا، جو کہ آج سنایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ علی مدد جتک ماضی میں جعلی ڈگری کیس میں سزا یافتہ ہیں اور ان کے خلاف مختلف مقدمات بھی زیرِ سماعت ہیں۔
 
 

شیئر: