سعودیوں کیلئے رہائش کی سہولتیں
سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”البلاد“ کا اداریہ نذر قارئین
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی حکومت رہائش کے شعبے سے غیر معمولی دلچسپی لے رہی ہے۔ حکومت کا مشن یہ ہے کہ سعودی عرب کے تمام طبقوں کو بلا استثنیٰ مناسب رہائش مہیا ہوجائے۔ ریاست کے اصلاحی اقدامات کے باعث رونما ہونے والے منفی اثرات کا دباﺅ کم ہوگا۔
نیا مکان خریدنے والے پر آنے والے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی بابت شاہی فرمان کے تحت 8لاکھ50ہزار ریال تک شاہی خزانے سے ادا کئے جائیں گے۔ وزارت آباد کاری نے مکانات کے اندراج کی آن لائن سہولت فراہم کردی ہے۔ علاوہ ازیں ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے استحقاق کا سرٹیفکیٹ بھی آن لائن حاصل کیا جاسکے گا۔ ویلیو ایڈڈ ٹیکس سرکاری خزانے سے پہلے مکان کی خرید پر ہی دیا جائیگا۔ وزارت آباد کاری او رمحکمہ زکاة و آمدنی نے مکان خریدنے کے خواہشمند شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شاہی فرمان میں مذکور شرائط مکمل کرنے کی صوررت میں ای گیٹ کو وزٹ کرکے ویلیو ایڈڈ ٹیکس سے استثنیٰ کا سرٹیفکیٹ حاصل کرسکتے ہیں۔
سعودی عرب مل جل کر رہائش کے مسائل کو حل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ سعودی حکومت چاہتی ہے کہ نجی ادارہ بھی اس سلسلے میں اپنا کردارادا کرے۔ سعودی قیادت نجی ادارے کو اپنا دائرہ کار وسیع سے وسیع تر کرنے کی حوصلہ افزائی بھی کررہی ہے۔
16سرکاری ادارو ںنے مذکورہ بالا مقصد کے حصول کیلئے 5 فروری کو 2030سعودی وژن کے ضمن میں رہائشی پروگرام جاری کیا جس کا مقصد سعودی خاندانوں کو رہائشی حل مہیا کرنا تھا۔ سعودی حکومت چاہتی ہے کہ 2020تک 60فیصد سعودی مکانات کے مالک ہوں اور 2030 تک 70فیصد شہریوں کے اپنے مکان ہوں۔ مذکورہ پروگرام کے توسط سے متعدد رہائشی اسکیمیں مختلف فارمولوں کی صورت میں جاری ہونگی اور انکی بدولت مقامی شہری مناسب حال رہائش حاصل کرسکیں گے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭