نواز شریف، مریم اور صفدر کی عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل
اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کی نیب عدالت کی جانب سے دی گئی سزا کے خلاف اپیل تیار کرلی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو کی عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو 10، مریم نواز کو 7 اور کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد کیپٹن صفدر پہلے ہی گرفتاری دے چکے ہیں جبکہ نواز شریف اور مریم نواز گزشتہ روز لندن سے براستہ ابوظبی لاہور پہنچے جہاں سے طیارے کے ذریعے انہیں اسلام آباد لے جا کر اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا۔ نواز شریف اور مریم نواز کی احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل تیار کرلی گئی ہے ۔ مریم نواز کے وکلا کچھ دیر میں اڈیالہ جیل جائیں گے اور ان سے وکالت نامہ پر دستخط کروائے جائیں گے ۔ مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی اپیل بھی آج ہی دائر کئے جانے کا امکان ہے۔ عدالت سے اپیل کا فیصلہ آنے تک کیپٹن صفدر کی ایک سال کی سزا معطل کرنے کی استدعا کی جائے گی۔ نواز شریف کی اپیل آج دائر کی جائے یا پیر کو اس حوالے سے ان کے وکلا کی مشاورت جاری ہے ۔