بی جے پی بوکھلاہٹ میں اسی سال الیکشن کراسکتی ہے، مایاوتی
لکھنؤ۔۔۔۔بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے وزیر اعظم نریندر موری پر ترقی کے نام پر لوگوں کو گمراہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اندیشہ ظاہر کیا کہ انتخابات میں ممکنہ شکست کے خوف سے بی جے پی سال کے آخر میں پارلیمانی انتخابات کے ساتھ مدھیہ پردیش ، چھتیس گڑھ اور راجستھان اسمبلی انتخابات بھی کراسکتی ہے۔ مایاوتی نے کہا کہ مودی نے ’’وکاس‘‘کا گمراہ کرنے والا راگ چھوڑ کر ذات پات اور فرقہ واریت کو بڑھاوا دینے کا حربہ اختیار کرنا شرو ع کردیا ہے۔ عوام میں مودی کی گرتی ہوئی مقبولیت سے بوکھلاکر بی جے پی مایوسی کاشکار ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں محبوبہ مفتی کی حکومت گرا کر بی جے پی نے انتخابات کا اشارہ پہلے ہی دیدیا ہے ۔ انہوں نے اعظم گڑھ اور مرزا پور میں مودی کی تقریر کو انتخابی مہم قراردیا۔