Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ون ڈے سیریز جیت گیا، زمبابوے67رنز پرآوٹ

 
بولاویو:آل راونڈر فہیم اشرف کی تباہ کن بولنگ کی مدد سے تیسرے ون ڈے میں زمبابوے کو صرف67رنز پر ڈھیر کرنے کے بعد پاکستان کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف9.5اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرتے ہوئے 9وکٹوں سے فتح حاصل کرکے 5میچوں کی سیریز0-3کی فیصلہ کن برتری کے ساتھ جیت لی ۔فہیم اشرف نے 8.1اوورز میں 22رنز دے کر 5وکٹیں لیں اور مین آف دی میچ قرار پائے ۔ زمبابوے کے کپتان ہملٹن ماساکیڈزا نے ٹاس جیت کر خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم اس میچ میں بھی عثمان شنواری میزبان اوپنر کو جلد آوٹ کرنے میں کامیاب رہے ، دوسرے اوور میں انہوں نے پرنس ماسویرے کو وکٹ کیپر سرفراز احمد کی مدد سے پویلین واپس بھیج دیا۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں 17رنز بنے لیکن جب فہیم اشرف بولنگ کے لئے آئے تو زمبابوے کی وکٹیں تسلسل سے گرنے لگیں اور 32 کے مجموعی اسکورپر اس کے 5کھلاڑی واپس جا چکے تھے ۔فہیم اشرف نے میزبان بیٹنگ لائن کو جو جھٹکے دیئے اس کا فائدہ دیگر بولرز کو بھی ہوا اور جنیدخان کے علاوہ یاسر شاہ بھی وکٹیں اکھاڑتے رہے ۔زمبابوے کے 7بیٹسمین 43رنز پر آوٹ ہو چکے تھے۔ صرف3بیٹسمین ڈبل فگرز میں پہنچ سکے۔ اوپنر شامو شیبابانے 16رنزجبکہ کپتان ہملٹن ماساکیڈزا اور ان کے بھائی ویلنگٹن ماساکیڈزا نے10،10رنز بنائے۔ پوری ٹیم 25.1اوورز میں67رنز پر چلتی بنی ۔ فہیم اشرف نے5،جنیدخان نے2،عثمان شنواری، یاشر شاہ اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ لی۔68رنز کے معمولی ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنر امام الحق نے پہلی ہی گیند پر آوٹ ہو کر سنسنی پھیلادی۔ ان کی وکٹ بلیسنگ موزربارانی نے لی اور فخر زمان کے علاوہ دوسرے نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنے والے بابر اعظم کو بھی محتاط بیٹنگ پر مجبور کر دیا۔ اگلے 4اوورز میں صرف9 رنز بن سکے تاہم پانچویں اوور کی پہلی گیند پر فخر زمان کا کیچ ڈراپ ہوا تو وہ اپنے روایتی جارحانہ موڈ میں آگئے اور کھل کر کھیلنے لگے۔ دوسرے اینڈ پر موجود بابر اعظم نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں نے اگلے5.5اوورز میں60رنز بنا کر ٹیم کو ہدف تک پہنچا دیا۔ فخر زمان نے24گیندوں پر8چوکوں کی مدد سے43جبکہ بابر اعظم نے 34گیندوں پر19رنز بنائے جن میں 3 چوکے شامل تھے۔ دونوں نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 9.1اوور پہلے ہی ٹیم کو فتح دلادی جس کے ساتھ پاکستان نے5میچوں کی سیریز 0-3کی ناقابل شکست برتری سے اپنے نام کرلی۔زمبابوے کے صرف2بولرز کو بولنگ کا موقع ملا ۔موزرابانی نے 5اوورز میں 43رنز دے کر ایک وکٹ لی جبکہ رچرڈ نگروا کے4.5اوررز میں26رنز بنے۔
 

شیئر: