Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’’پاکستان دہشت گردی سے خوفزدہ ہونے والا نہیں‘‘

اسلام آباد:  دفتر خارجہ کی جانب سے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا گیا ہے کہ ملک میں انتخابات سے قبل دہشت گرد کارروائیوں سے پاکستان نہ کبھی خوفزدہ ہوا ہے اور نہ کبھی ہوگا۔ ملک میں جمہوری عمل ہر صورت جاری رہے گا۔ ذرائع کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختون خوا میں الیکشن سے پہلے ہونے والے حملے اور دہشت گردی سے ہم خوفزدہ نہیں ہوں گے۔
اسلام آباد میں بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹرفیصل کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے ، وادی میں گزشتہ ہفتے 23 کشمیریوں کو شہید کیا گیا، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی میڈیا کوریج پر پابندی لگائی جارہی ہے۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی تنظیم کی کشمیر کے بارے میں رپورٹ نے بھارتی پراپیگنڈے کو ناصرف مسترد کر دیا بلکہ رپورٹ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے بدترین مظالم کی قلعی کھول دی ہے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے پشاور اور مستونگ میں شہید ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی کرنے کے بعد کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات نے پوری قوم کو غمزدہ کیا تاہم انتخاباب سے قبل ایسے دہشت گردانہ حملوں سے پاکستان خوفزدہ ہونے والا نہیں ملک میں جمہوری انتخابی عمل جاری رہے گا اور پوری قوم بھی صاف شفاف انتخابات کے لیے پرعزم ہے ، دوست ممالک کی جانب سے واقعات پر غم بانٹنے پر انکے شکر گزار ہیں۔
مزید پڑھیں:- - - -نواز شریف، مریم اور صفدر آج ملاقاتیں کریں گے

شیئر: