ضیوف الرحمان کی آمد پر طبی معائنے کیلئے 12ہیلتھ سنٹرز قائم کر دیئے گئے
جمعرات 19 جولائی 2018 3:00
جدہ .... سعودی عرب کے تمام سرکاری و نجی حج اداروں نے حج 1439ھ کیلئے ارض مقدس آنے والے ضیوف الرحمان کو اسلام کے پانچویں رکن کی ادائیگی کیلئے مطلوب خدمات اور سہولتوں کی فراہمی کے انتظامات تیز کر دیئے۔ وزارت صحت نے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر آمد پر ضیوف الرحمان کے طبی معائنے کیلئے 12ہیلتھ سنٹرز قائم کر دئیے۔ 1750سے زیادہ ڈاکٹرز ، نرسیں اور معاون عملہ مہیا کر دیا گیا جبکہ عازمین کو 24گھنٹے صحت خدمات مہیا کرنے کیلئے 19میڈیکل کلینکس بھی کھول دیئے۔ وزارت حج و عمرہ نے ضیوف الرحمان کو حج ، عمرہ اور زیارت کی آگہی فراہم کرنے کی خاطر "مناسکنا"اپیلی کیشن جاری کردی ہے۔ اس کی مدد سے عازمین مطلوبہ معلومات آن لائن حاصل کر سکیں گے۔ یہ ویب سائٹ اندرون مملکت سے موثر ہے۔ بیرون مملکت سے اس سے رجوع نہیں کیا جا سکتا۔ دریں اثناء سیکریٹری گورنریٹ مکہ مکرمہ ڈاکٹر ہشام الفالح نے جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ماتحت حج ٹرمینل پر ضیوف الرحمن کو خوش آمدید کہنے کیلئے قائم کئے گئے ریڈ کارپیٹ کا افتتاح کردیا۔ وزارت حج نے نائب وزیر ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط ، کنگ عبدالعزیز ائیرپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل عصام فواد اور سرکاری حج اداروں کے متعدد عہدیداروں کی موجودگی میں اسکا اہتمام کیا۔ الفالح نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حجاج کرام کے قافلوں کی آمد پر ہمیں خوشی ہے۔ مہمانان حرم حج کے مناسک ادا کرنے کیلئے ارض مقدس کا رخ کررہے ہیں۔ سعودی قیادت ان کا خیر مقدم کررہی ہے۔نائب وزیر حج نے انکشاف کیا کہ امسال 18لاکھ عازمین بیرون مملکت سے ارض مقدس پہنچیں گے۔ ہر سال عازمین کے کوٹے میں اضافہ ہوگا۔ حجاج کا کوٹہ مشاعر مقدسہ میں انہیں کھپانے کی گنجائش سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزارت حج و عمرہ نے قطر کے حکمرانوں کی جانب سے لاتعلقی کے مظاہرے پر قطری عازمین کے آن لائن اندراج کیلئے لنک جاری کردیا ہے۔ قطری عازمین نے اس کے توسط سے اندراج کا آغاز کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب تمام ممالک کے عازمین کیساتھ مساویانہ برتاﺅ کرتا ہے۔ ہر ملک کے عازمین کو مطلوبہ سہولتیں فراہم کرنے میں ادنیٰ ہچکچاہٹ سے کام نہیں لیتا۔ جنرل پریذیڈنسی برائے حرمین شریفین نے حج سیزن کے لئے اپنے دوماہی منصوبے پر عمل درآمد کا آغاز کردیا جو ذو الحجہ کے اختتام تک جاری رہے گا۔ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان بن عبدالعزیز السدیس کا کہنا ہے کہ عازمین حج کو انتظامی سے لے کر انسانی وسائل تک اور رہنمائی سے فنی خدمات تک ہر طرح کی سہولتیں مہیا کی جائیں گی تاکہ وہ باآسانی اور بہتر طریقے سے مناسک حج ادا کرسکیں۔انہوں نے بتایا کہ عازمین حج کو شرعی اصولوں کے مطابق مناسک حج کی ادائیگی میں معاونت اور رہنمائی مہیا کرنے کی غرض سے اقدامات کئے گئے ہیں۔اس ضمن میں ورکشاپوں کا انعقاد، شیوخ ، علماء، انسٹرکٹروں اور مذہبی شخصیات کی تقاریر، قرآن مجید کے نسخے ، مذہبی کتب اور پمفلٹس کی تقسیم کی جارہی ہے۔مسجد الحرام میں دیئے جانے والے جمعہ کے خطبات کے10 زبانوں میں تراجم عازمین حج وعمرہ اور زائرین میں تقسیم کئے جارہے ہیں۔شیخ سدیس نے بتایا کہ حج سیزن کے دوران میں مسجد الحرام کے تما م 210 دروازے اور مسجد نبوی کے 100 دروازے کھلے رہیں گے۔ مسجد الحرام کے 38 داخلی دروازے خصوصی افراد اور سات صرف خواتین کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔ مسجد الحرام میں آب زمزم لینے کے لئے ماربل کے 660 فوارے لگائے گئے ہیں اور مسجد نبوی میں ان کی تعداد 60 ہے۔