کراچی: سندھ میں بننے والے سیاسی اتحاد جی ڈی اے کے سیکرٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے دعویٰ کیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی ڈگری بھی جعلی ہے کیونکہ آکسفورڈ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر اس کا کوئی ذکر نہیں ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے سیکرٹری اطلاعات نے مزید کہا کہ پی پی کے رہنماؤں نے زرداری لیگ بنا لی ہے جس کے بعد ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی پیپلز پارٹی دفن ہو چکی ہے۔ انہوں نے انتخابات کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن شفاف ہوتے دکھائی نہیں دے رہے۔ نگراں حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نگراں مشینری اور پیپلز پارٹی کے دور حکومت کی مشینری میں کوئی فرق نہیں ہے۔ اگر دھاندلی ہوئی تو سندھ کے عوام انتخابات کو مسترد کردیں گے۔