ریاض .... سعودی وزارت تجارت و سرمایہ کاری نے اپنے نام سے غیر ملکی کو ٹھیکیداری کرانے والے سعودی پر 20لاکھ ریال جرمانہ ، 3ماہ قید ، کاروبار بند کرنے اور آئندہ ٹھیکیداری نہ کرنے کی سزا سنادی۔ غیر ملکی او رسعودی شہری کی تشہیر دونوں کے خرچ پر مقامی اخبارات او رانٹرنیٹ پر کی جائیگی۔ محکمہ جاتی عدالت دمام نے الزام ثابت ہوجانے پر سزا سنائی۔سعودی قانون تجارت کے بموجب کوئی بھی غیر ملکی مقامی شہری کے نام سے اپنے کاروبار کا مجاز نہیں اور کسی بھی سعودی کو اپنے نام سے کسی غیر ملکی کو کاروبار کرانے کی اجازت نہیں۔ یہ جرم ہے اس پر قید ، جرمانے ، تشہیر ، ادارے کی بندش جیسی سزائیں مقرر ہیں۔ وزارت نے واضح کیا کہ محکمہ جاتی عدالت نے مذکورہ فیصلہ تمام شواہد حاصل ہوجانے کے بعد ہی کیا۔