Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا بھر سے عازمین کی آمد کا سلسلہ جاری ، 7 لاکھ 19 ہزار پہنچ چکے ، جوازات

جدہ .... محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق اب تک 7 لاکھ سے زائد عازمین ارض مقدس پہنچ چکے ہیں ۔ دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔ سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یکم ذوالقعدہ سے حج سیزن کا آغاز ہوتے ہی دنیا بھر سے عازمین حج کے قافلے فضائی ، بحری اور بری راستوں سے مملکت پہنچ رہے ہیں۔ متعدد ممالک سے عازمین حج کے قافلے براہ راست مدینہ منورہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور جدہ حج ٹرمنل کے علاوہ جدہ کی بندر گاہ اور سرحدی راستوں کے ذریعے فریضہ حج کی ادائیگی کےلئے آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔ محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے عازمین حج کو ہر ممکن حد تک سہولت پہنچانے کےلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ ادارے کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق امسال اب تک ارض مقدس آنے والوں کی تعداد گزشتہ برس کے مقابلے میں 6.5 فیصد زائد ہے ۔ یکم ذوالقعدہ سے اب تک 7 لاکھ 19 ہزار 950 عازمین مملکت پہنچ چکے ہیں ۔ جوازات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سب سے زیادہ تعداد میں فضائی راستے سے آنے والے عازمین کی ہے جو6 لاکھ98ہزار ہے جبکہ دوسرے نمبر پر بری راستے سے آنے والے جن کی تعداد 12ہزار 159 او ر بحری ذریعے سے آنے والے عازمین 8394 ہیں جن میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہو رہا ہے ۔ جوازات کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ مملکت میں محکمہ امیگریشن کے تمام کاﺅنٹرز پر متعین اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ عازمین کو بہترین خدمات مہیا کریں اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ امیگریشن کے معاملات جلد از جلد مکمل کئے جائیں اس حوالے سے جوازات نے ائیر پورٹس اور چوکیوں پر اضافی عملہ بھی متعین کیا ہے تاکہ کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہو اور امیگریشن کا عمل تیز ہو سکے ۔ اضافی عملہ 24 گھنٹے ڈیوٹی پر مامور ہوتا ہے جو مختلف شفٹوں میں کام کرتا ہے ۔ 

شیئر: