ہاردک پٹیل کے حامیوں کا ہنگامہ،بسوں میں توڑ پھوڑ
احمدآباد۔۔۔۔کانگریس کے حمایت یافتہ پاٹیدار آرکشن آندولن سمیتی کےرہنما ہاردک پٹیل کو احمد آباد پولیس نےگرفتار کرلیا۔کرائم برانچ پولیس انسپکٹر ایس ایل چودھری نے بتایا کہ ہاردک اور ان کے8 ساتھیوں کوایس جی ہائی وے کے نزدیک واقع ان کی رہائش گاہ سے نکلتے وقت حراست میں لے لیا گیا۔ وہ لوگ بغیر اجازت بھوک ہڑتال کے لئے کار سے نکل کر نکول کی طرف جارہے تھے۔چودھری نے بتایا کہ ان تمام کو تعزیرات ہند کی دفعہ 182 اور 142 کے تحت گرفتارکرنے کےبعد ضمانت پر رہا کردیا گیا۔ہاردک پٹیل کے حامیوں نے سورت کے پونا علاقہ میں بی آر ٹی ایس کی سٹی بس کو آگ لگا دی اور2 دیگر بسوں کو نقصان پہنچایا۔ بی آر ٹی ایس کےمتعدد اسٹیشن پر بھی توڑ پھوڑ کی۔ شہر کے پونا سرتھانا اور یوگی چوک جیسے پاٹیداروں کی اکثریت والے علاقوں سے بھی اس طرح کے واقعات کی اطلاع موصول ہوئی۔ ہاردک نے رہائی کے بعد کہا کہ ریاست کی بی جے پی حکومت کے اشارے پر انہیں گرفتار کیا گیا اور بھوک ہڑتال کرنے کے جمہوری حق سے محروم کیا گیا۔ انہیں پولیس انسپکٹر جے این چاوڑا نے جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔انہوں نے کہا کہ آئندہ 25 اگست کو اپنی رہائش پر بھوک ہڑتال کریںگے۔ اگر انہیں جیل بھیجا گیا تو وہ وہاں بھی بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔