Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نوجوان کی دلیری اور حاضر دماغی ، قصبہ بڑی تباہی سے بچ گیا

تبوک .... نوجوانوں کی حاضر دماغی اور دلیری کے سبب اہل قریہ بڑے نقصان سے بچ گئے ۔ پارکنگ میں کھڑی گاڑی کو اچانک آگ لگ گئی جس پر 2 نوجوان خطرے کی پروا نہ کرتے ہوئے جلتی ہوئی گاڑی کے ساتھ کھڑی دوسری گاڑیوں کو وہاں سے ہٹانے میں کامیاب ہو گئے ۔ سبق نیوز کے مطابق املج کمشنری کے الصری قصبے کے مقیمین اپنی گاڑیاں قصبے سے کافی دور ایک کھلے میدان میں پارک کر کے فورویلر گاڑیوں کے ذریعے قصبے میں جاتے ہیں ۔ قصبے میں جانے کا واحد راستہ ریتلا جبکہ بعض مقام پر چڑھائی ہونے کے باعث عام گاڑی کے ذریعے اس راستے پر سفر ناممکن ہو جاتا ہے ۔ اہل قریہ کے لئے واحد ذریعہ فور ویلر گاڑیاں ہی ہیں جس کےلئے گاﺅں کے باسی اپنی گاڑیاں کھلے میدان میں پارک کرکے فور ویلرجیپ کے ذریعے گاﺅں تک جاتے ہیں ۔ سانحے کے بارے میں عادل مسلم الحبیشی نے بتایا کہ وہ اپنے دوست کے ہمراہ پارکنگ میں بیٹھا تھا کہ اچانک ایک گاڑی سے شعلے بلند ہوتے دیکھے جو ں ہی میں اپنے دوست کے ہمراہ گاڑی کے قریب آیا تاکہ یہ جان سکوں کہ گاڑی میں کوئی ہے یا نہیں ۔ گاڑی میں کوئی نہیں تھا جبکہ اسکی عقبی جانب سے شعلے اٹھ رہے تھے ۔ صورتحا ل دیکھ کر فوری طور پر ہم نے دوسری گاڑیوں کو نذر آتش ہونے سے بچانے کےلئے ساتھ کھڑی گاڑی کو اپنی گاڑی سے باندھا اور اسے کھینچ کر جلتی ہوئی گاڑی سے دور کھینچ لیا ۔ عادل کا کہنا تھا کہ آگ دوسری گاڑی تک پہنچنے والی تھی مگر ہماری بروقت کارروائی سے وہ بچ گئی اسی اثناءشہری دفاع کے اہلکار بھی وہاں پہنچ گئے جنہو ںنے آگ پر قابو پالیا۔

شیئر: