عدن.... عرب اتحاد برائے یمن کے تحت قائم مشترکہ افواج کی کمان نے گزشتہ ماہ صعدہ حملے میں غلطی پر افسوس اور جاں بحق ہونے والوں کے اعزہ سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کردیا۔ عرب اتحاد نے زخمیوں کی فوری شفا کی آرزو بھی ظاہر کی اوراس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بین الاقوامی انسانی قانون ، عالمی روایات اور متعلقہ معاہدوں کی پاسداری جاری رکھے گا۔ عرب اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ فضائی حملہ جس عمارت پر کیا گیا اس میں حوثی لیڈروں کی موجودگی کی اطلاعات تھیں تاہم اس حوالے سے غلطی سرزد ہوئی اور عام شہری مارے گئے۔ اس کے ذمہ دار عناصر کو مقررہ سزا دی جائیگی۔ یمنی وزیر خارجہ خالد الیمانی نے بتایا کہ حوثیوں کے ساتھ بالواسطہ مشاورت کا سلسلہ جمعرات کو شروع ہوگا۔ اقوام متحدہ یمن امن مشاورت کی سرپرستی کریگی۔ یمنی حکومت جنیوا مشاورت سے استفادے کا عزم کئے ہوئے ہے۔ یمن میں متعین سعودی سفیر محمد آل جابر نے صعدہ حملے سے متعلق مشترکہ ٹیم کی تحقیقات کے نتائج کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ عرب اتحاد شہریوں کی جان و مال کی سلامتی سے متعلق ماضی کی طرح مستقبل میں بھی بین الاقوامی انسانی قانون کا احترام کرتا رہیگا۔ دریں اثناءحوثیوں نے سعودی عرب کے ایک جنگی بحری جہاز پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ وار شپ کو سعودی صوبے جازان کی حدود میں نشانہ بنایا گیا تھا۔