دمام.... مشرقی ریجن میں 34سالہ سعودی شبیلی الشہری اور اسکی 30سالہ رفیق حیات رفعہ الشہری کے پیار اور ایثار کی کہانی یہاں ہر کس و ناکس کی زبان پر ہے۔ سعودی خاندانوں او رمقامی باشندوں کی مجالس میں ان دونوں کی ایک دوسرے کے لئے چاہت کا چرچا ہر سو عام ہے۔ تفصیلات کے مطابق رفعہ الشہری کی شادی 11برس قبل ہوئی تھی۔ 4برس سے گردے کے عارضے میں مبتلا تھی۔ ہمہ وقت اپنے نومولود عبداللہ کے حال و مستقبل کی بابت تشویش میں مبتلا رہتی تھی۔ اسے یقین ہوگیا تھا کہ اس کی زندگی اب زیادہ عرصہ وفا نہیں کریگی۔ خاوند کو اپنی بیوی کے درد اور بیٹے کے مستقبل کے لئے اس کی تشویش مسلسل پریشان کئے ہوئے تھی۔ بالآخر اس نے کنگ فہد اسپیشلسٹ اسپتال کے ماتحت اعضاءکی پیوند کاری کے مرکز سے رجوع کرکے درخواست کی کہ اسکا ایک گردہ اس کی بیوی کو منتقل کردیا جائے۔ بیوی کو جب اسکا علم ہوا تو اس نے گردہ قبول کرنے سے صاف انکار کردیا۔ اسے ڈر تھا کہ کہیں خدانخواستہ اس کے شوہر کی زندگی خطرے سے دوچار نہ ہو جائے۔ ڈاکٹروں کی اس یقین دہانی کے بعد کہ تمہارے شوہر کو کسی طرح کی کوئی پریشانی نہیں ہوگی اور یہ اطمینان دلانے کے بعد کہ تمہارا جسم اسکا گردہ پوری طرح سے قبول کررہا ہے۔ باقاعدہ معائنہ جات سے اس کی یقین دہانی کرلی گئی ہے تب جاکر رفعہ نے آپریشن کی حامی بھری۔ آپریشن کامیاب رہا اور اب دونوں میاں بیوی ماضی کی طرح ایک بار پھر ہنسی خوشی زندگی گزارنے لگے۔ رفعہ اپنے نومولود کے مستقبل کی بابت تشویش کی دلدل سے نکل آئی۔