قاہرہ۔۔۔مصر ی عدالت نے سابق صدر حسنی مبارک کے دونوں بیٹوں علاء اور جمال مبار ک کی بدعنوانی کے الزام میں گرفتاری کا حکم دینے والے جج کو ہٹانے کے لیے دائرکردہ درخواست منظور کر لی ۔یہ درخواست وکیل صفائی نے دائر کی ہے ۔فوری طو ر پر عدالت کے اس فیصلے کی قانونی بنیاد معلوم نہیں ہوسکی ۔ قاہرہ کی ایک عدالت کے جج احمد ابو الفتوح نے گزشتہ ہفتہ علاء اور جمال کو اسٹاک مارکیٹ میں مبیّنہ اتار چڑھاؤ کے الزام میں گرفتار کر نے کا حکم دیا تھا۔سرکاری استغاثہ نے ان دونوں بھائیوں سمیت 5 افراد پر اپنی فرنٹ کمپنیوں کے ذریعے بعض بینکوں کے حصص کی خریدار ی کا الزام عاید کیا تھا اور انھوں نے اس سے متعلق سمجھوتوں سے اسٹاک مارکیٹ کو آگاہ نہیں کیا تھا۔یہ پانچوں افراد گزشتہ ہفتے کے روز قاہرہ میں فوجداری عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران حاضر تھے اور جج کے حکم پر وہیں انھیں حراست میں لے لیا گیا تھا۔جج نے اس مقدمے کی مزید سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کردی تھی۔ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا علاء اور جمال مبارک کی رہائی کے لیے اب قانونی کارروائی شروع کی جائے گی یا نہیں۔