مکہ: کدوة محلے کے 392مکانات کی بجلی پانی بند
مکہ مکرمہ .... مکہ مکرمہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے الکدوة محلے کی 392غیر منظم عمارتوں کا پانی اور بجلی بند کردیا۔ عملدرآمد آج 18نومبر سے شروع کردیا گیا۔ یہ محلہ مسجد الحرام کے جنوب میں 1300میٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور جبل عمر منصوبے کے بعد حرم مکی کے قریب ترین ان مقامات میں سے ایک ہے جنہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ المدینہ اخبار کے رپورٹر کا کہنا ہے کہ الکدوة محلے کے لوگ معمول کی زندگی گزار رہے ہیں۔ حالات پرسکون ہیں۔ بہت کم عمارتیں خالی ہوئی ہیں۔آج اتوار سے مکانات خالی کرنے کا سلسلہ زور و شور سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ مالکان کو پہلے ہی آگاہ کردیا گیا تھا کہ وہ البلد الامین کمپنی کے ہیڈکوارٹر آکر مکانات کا اندراج کرالیں۔