ریاض ... کنگ عبدالعزیز اکیڈمی نے تبوک ریجن کی الوجہ کمشنری کے تاریخی قلعہ ”الزریب“ پر خصوصی رپورٹ جاری کرکے بتایا ہے کہ یہ قلعہ 1617ءمیں حجاج کے قافلوں اور انکے سامان کی حفاظت کیلئے تعمیر کیا گیا تھا۔ حاجی حضرات حج سے واپسی پر اپنے ہمراہ سامان لیجایا کرتے تھے۔ حجاج یہاں آرام بھی کیا کرتے تھے۔ قلعہ کے کئی برج ہیں۔ اسکے دسیوں کمرے ہیں۔ اطراف میں صحن ہیں۔ چھوٹی سی مسجد ہے جسے (مصلّٰی) کہا جاتا ہے۔ اس میں مکان بھی ہیں۔ اس کے اطراف کنویں ہیں۔ یہ قلعہ تبوک ریجن کے باقی ماندہ آثار قدیمہ میں سے ایک ہے۔ اسکی تعمیر میں پتھر استعمال کئے گئے ہیں۔ قلعہ کا صدر دروازہ مغرب کی جانب ہے۔ اس میں2تالاب پانی ذخیرہ کرنے کےلئے بنائے گئے تھے۔ یہ الوجہ کمشنری سے 10کلو میٹر کے فاصلے پر سطح مرتفع پر بنا ہوا ہے۔ اسکے اطراف پہاڑ ہیں۔