Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب، امریکہ کیلئے بیحد اہم ہے، ٹرمپ

بیونس آئرس .....  سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ جی ٹوئنٹی میں شرکت کیلئے ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس پہنچ گئے۔ وزیر خارجہ نے ایئرپورٹ پر خوش آمدید کہا۔ وفد میں وزیر مملکت و رکن کابینہ ڈاکٹر مساعد العیبان ، وزیر مملکت و رکن کابینہ ڈاکٹر ابراہیم العساف، وزرائے خارجہ و توانائی و خزانہ بھی شامل ہیں۔ امریکی صدر ٹرمپ نے واشنگٹن پوسٹ سے گفتگو میں کہا کہ سعودی عرب کیساتھ امریکہ کے تعلقات بڑے گہرے ہیں۔ مملکت مشرق وسطیٰ میں غیر معمولی اثر و نفوذ اثر کا مالک ملک ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر توجہ دلائی کہ خاشقجی کے قتل سے متعلق سی آئی اے کے دعوے بلا دلیل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب امریکہ کا عظیم اتحادی ہے۔ اس کے بغیر امریکہ کو مشرق وسطیٰ میں مشکلات پیش آئیں گی۔ سعودی عرب مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام اور اقتصاد کے حوالے سے غیر معمولی اثر ونفوذ رکھتا ہے۔ دنیا کے اس اہم علاقے کا استحکام برقرار رکھنے کیلئے سعودی عرب کے ساتھ امریکہ کے تعلقات غیرمعمولی اہمیت رکھتے ہیں۔ ایرانی دہشتگردی اور انارکی کو روکنے کیلئے بھی سعودی عرب اہم طاقت ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کیساتھ انکا کوئی تجارتی لین دین نہیں۔ انکے مالی مفادات سیاسی فیصلوں پر اثر انداز نہیں۔ روسی صدر پوٹین نے کہا کہ تیل پیدا کرنے والے ممالک مقررہ کوٹے کی پابندی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی کوششوں کی بدولت کررہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ روس اور اوپیک ممالک نے تیل پیداوار کی پابندی سو فیصد کی۔ اس کا سہرا سعودی ولی عہد کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے ایف ٹی بی کیپٹل فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ اعتراف کرنا ضروری ہے کہ سعودی عرب اور اسکے ولی عہد کی بدولت ہی تیل نرخوں میں مثبت نتائج برآمد ہوئے۔امریکی وزیر خارجہ پومپیو نے کہا کہ ایران میں قاتلوں کی تائید و حمایت کرنے والے سعودی عرب سے متعلق ٹرمپ کے موقف پر نکتہ چینی کیونکر کرسکتے ہیں۔ انہوں نے وال اسٹریٹ جرنل میں بدھ کو شائع ہونے والے اپنے ایک مضمون میں تحریر کیا کہ سعودی عرب ہی مشرق وسطیٰ میں استحکام کی ضامن طاقت ہے۔ مملکت نے عراق کے استحکام اور شامی پناہ گزینوں کے معاملے میں قابل قدر کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ داعش کے خلاف عالمی اتحاد میں مملکت کا کردار انتہائی اہم ہے اور سعودی ولی عہد نے خطے میں ایرانی اثر و نفوذ کو روکنے میں اہم کردارادا کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سعودی پیٹرول پیداوار اور اس کا اقتصادی استحکام علاقے کی خوشحالی اور بین الاقوامی تیل منڈی کی سلامتی کی کلید ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ امریکہ کے قومی سلامتی کیلئے سعودی عرب کیساتھ تعلقات بیحد اہم ہیں۔ اگر سعودی عرب ہماری مدد نہ کرتا تو یمن میں کشمکش کا معاملہ دھماکہ خیز ہوجاتا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سعودی ولی عہد نے اقتصادی اصلاحات کی قیاد ت کی۔

شیئر: