Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صحت اداروں میں سعودی تعینات کئے جائینگے، توفیق الربیعہ

 ریاض.... وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بتایا ہے کہ ان کی وزارت تمام صحت اداروں میں بیشتر ملازم سعودی تعینات کرنے کے مشن پر عمل پیرا ہے۔ اس سلسلے میں وزارت محنت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جارہا ہے، اسپتالوں ، ہیلتھ سینٹرز اور دیگر صحت اداروں میں سعودیوں کا مستقبل روشن ہے۔ ان کیلئے روزگار کے غیر معمولی مواقع مہیا ہیں۔ الربیعہ نے اتوار کو ممتاز سعودی ڈاکٹر خواتین و حضرات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودیوں کو صحت اداروں میں روزگار کی فراہمی کیلئے ہم مملکت بھر میں متعدد روزگار پروگرام کرچکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل کی سرپرستی میں صحت اداروں کی سعودائزیشن سے متعلق آگہی کانفرنس کا اہتمام کیاگیا ۔ اس سلسلے میں کنگ فیصل یونیورسٹی ریاض اور کنگ فیصل ایوارڈ ادارے نے ہمارے ساتھ تعاون کیا۔ الربیعہ نے آرزو ظاہر کی کہ کنگ فیصل فاﺅنڈیشن سعودی ڈاکٹرز خواتین و حضرات کی حوصلہ افزائی کا خصوصی پروگرام کرے۔ کنگ فیصل ایوارڈ کو عالمی شناخت مل چکی ہے۔ یہاں سے 20 ایسی شخصیات انعام پا چکی ہیں جنہیں بعد میں نوبل ایوارڈز سے نوازاگیا۔ کنگ فیصل ایوارڈ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عبدالعزیز السبیل نے کہا کہ ہمارا ادارہ ایوارڈ کے علاوہ انعام یافتگان کے لیکچرز ، ان کے اعزاز میں کانفرنسوں اور ان کی کتابوں کے ترجمے پر بھی توجہ مرکوز کررہا ہے۔ 
 

شیئر: