تھر میں غذائی قلت ،مزید 6 بچے جاں بحق
مٹھی...سندھ کے صحرائی ضلع تھر میں غذائی قلت، پانی کی کمی اور صحت کی ناقص صورتحال سے مزید 6 بچے جاں بحق ہوگئے۔ تمام 6 بچے مٹھی کے سول اسپتال میں زیرعلاج تھے جنہیں تھر کے دو دراز کے علاقوں سے علاج کےلئے یہاں منتقل کیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ گزشتہ 3 دن کے دوران اس علاقے کے13 بچے بیماریوں اور انفیکشن کے باعث ہسپتال میں اپنی جان کی بازی ہار گئے تھے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین نے مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان بچوں کو آلودہ پانی پینے اور خراب غذا سے بیماریوں کا سامنا کرنا پڑا۔شعبہ صحت کے حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ اب تک صوبے میں گزشتہ 11 ماہ کے دوران 6 سو ایک بچے جاں بحق ہوچکے ہیں۔ اسپتال آنے والے والدین بتاتے ہیں وہ لوگ کنویں کا آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں جس سے وہ لوگ بالخصوص ان کے بچے مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں۔