وزیرداخلہ نے سرکاری اداروں کو”ابشر حکومہ“سے آن لائن کر دیا
جمعرات 13 دسمبر 2018 3:00
ریاض۔۔۔۔سعودی وزارت داخلہ نے تمام سرکاری اداروں کو ”ابشر حکومہ“سے آن لائن مربوط کر دیا۔ آئندہ ہر سرکاری ادارہ وزارت داخلہ سے اپنا کام آن لائن ہی کرا سکے گا۔ وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے جمعرات کو ریاض کے اپنے دفتر سے اس سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس پر 93خدمات مہیا ہوں گی۔ اس کی بدولت وزارت داخلہ سے رجوع کرنے والے تمام فریق وہ افراد ہوں یا سرمایہ کار (رجال الاعمال) یا سرکاری ادارے سب کو آن لائن سروس مہیا ہوگی۔ وزیرداخلہ نے "ابشر افراد" سروس کے نئے ڈیزائن کا بھی افتتاح کر دیا۔ آن لائن سروس سے مجموعی طور پر 22خدمات حاصل کی جا سکیں گی۔ وزارت داخلہ کے ماتحت پاسپورٹ ، احوال المدنیہ، جیل خانہ جات، امن عامہ، ٹریفک اور اسلحہ و بارود کے محکموں کے کام آن لائن انجام دیئے جائیں گے۔ وزیرداخلہ کو"ابشر افراد" اور "ابشر رجال الاعمال" ویب سائٹس کی کارکردگی پر خصوصی رپورٹیں بھی پیش کی گئیں۔ اب تک ان دونوں سائٹس سے 11ملین سے زیادہ افراد اور 360سے زیادہ ادارے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔ "ابشر"ایپلی کیشن استعمال کرنے والوں کی تعداد 50لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ وزیر داخلہ کو انٹرنیشنل ٹیکنالوجی نمائش 2018 ءمیں وزارت داخلہ کی سرگرمیوں کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ معاون وزیر داخلہ شہزادہ ڈاکٹر بندر بن عبداللہ ، نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر الداود اور وزارت داخلہ کے اعلیٰ عہدیدار بھی افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔