Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد وزیرا عظم خود رکھ لیں، میں نہیں جاؤں گا‘ چیف جسٹس

اسلام آباد:  سپریم کورٹ میں نئی گج ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے دوران سماعت اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے اپنا شیڈول دیکھ کر مہمند ڈیم کے سنگ بنیاد کی تاریخ تبدیل کردی، انہوں نے یہ نہیں دیکھا کہ ہم نے بھی کام دیکھنا ہوتا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق کیس کی سماعت کے دوران وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا عدالت میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے مہمند ڈیم کے سنگِ بنیاد کی تاریخ تبدیل کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہمند ڈیم کے سنگ بنیاد کی تاریخ بدلتے ہوئے آپ نے مناسب ہی نہیں سمجھا کہ چیف جسٹس کو بتا دیا جاتا۔  حکومت میں اتنی کرٹسی بھی نہیں کہ تاریخ بدلنے کا چیف جسٹس سے پوچھ لیتے۔  اب شاید میں سنگ بنیاد کی تقریب میں نہ جاؤں۔ چیف جسٹس نے وفاقی وزیر سے سوال کیا کہ حکومت نے اب تک کیا کیا؟ سوائے اس اعلان کے کہ 2025ء میں پانی ختم ہو جائے گا؟ ہم آپ کو فنڈ اکٹھا کرکے دے رہے ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا کہ میں حکومت کی طرف سے آپ سے معافی مانگتا ہوں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اب وزیراعظم کو کہیں مہمند ڈیم کا افتتاح کرنے وہی جائیں۔
چیف جسٹس کی ناراضی پر وفاقی وزیر نے اصرار کیاکہ آپ کو شامل ہونا پڑے گا۔ آپ کو ڈیم کے افتتاح کے لیے بھی بلائیں گے اور میں بھی آپ سے درخواست کروں گا۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ وزیراعظم کو پتا ہی نہیں کہ کتنے معاملات پڑے ہوئے ہیں۔
دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ آئندہ سماعت پر چاروں وزرا آکر بتائیں کہ نئی گج ڈیم پر کیا کرنا ہے۔  معاملہ 2008ئسے التوا میں پڑا ہے۔ اگر آپ نے یہ ڈیم نہیں بنانا تو بتا دیں، ہم حکم میں لکھوا دیتے ہیں۔ ہم نے یہ کیس اس وقت اٹھایا جب حکومت میں نااہل لوگ تھے ، اب تو قابل اور اہل لوگ حکومت میں ہیں۔ عدالت نے منصوبے کی جمعرات کو ابتدائی منظوری کی حکومتی یقین دہانی پر سماعت جمعہ تک ملتوی کردی۔
مزید پڑھیں:- - - - - -کراچی میں سردی بڑھ گئی‘ درجہ حرارت 9 ڈگری ریکارڈ
 

شیئر: