ایان علی کی درخواستوں پر فیصلہ 23 جنوری کو سنایا جائیگا
راول پنڈی: ماڈل گرل ایان علی کی کرنسی اسمگلنگ کیس میں 3 مختلف درخواستوں پر کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق کسٹم عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت کی، اس دوران کسٹم پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا ملزمہ کی غیر حاضری دانستہ ہے، لہٰذا اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کیا جائے۔ ساتھ ہی ملزمہ 2 سال ایک ماہ سے غیر حاضر بھی ہے، لہٰذا ضمانتیوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اس موقع پر ملزمہ کے وکیل صفائی نے عدالت کے روبرو بیان دیا کہ ملزمہ ایان علی کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے جائیں تو وہ عدالت آ جائیں گی۔ دوران سماعت ایان علی کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری واپس لینے، مستقل حاضری سے معافی اور ایک جرم میں 2 ٹرائل کے خلاف درخواست پر بھی بحث مکمل کرلی گی جس کے بعد عدالت نے تینوں درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو 23 جنوری کو سنایا جائے گا۔