Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کشمیر ی خود کو تنہا نہ سمجھیں، شہریار اکبر

 اقوام متحدہ کی قرار داد پر عمل کرتے ہوئے کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے ، قونصل جنرل کاکشمیر کمیٹی کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب سے خطاب
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے قونصل جنرل کی رہائش پر کشمیر کمیٹی کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل شہریار اکبر خان نے کہا کہ حکومت پاکستان ہر فورم پر اپنے کشمیری بھائیوں کی آواز بلند کرتی رہے گی ۔قبل ازیں پریس قونصل ارشد منیر نے وزیر اعظم عمران خان و قونصل فوزیہ وہاب نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر خصوصی پیغام پڑھ کر سنا یا جس میں اس امر کی یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ پاکستان سیاسی ، سفارتی اور سماجی محاذوں پر اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا ۔ پیغام میں مزید کہا گیا تھا کہ اس مشکل گھڑی میں پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے ۔ دریں اثناءقونصل جنرل شہریا ر اکبر خان نے یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا اقوام عالم ہندوستان کو اس بات پر راضی کرے کہ وہ اقوام متحدہ کی قرارداد پر عمل کرتے ہوئے کشمیریوں کو حق خودارادیت دے جو ہر انسان کا بنیادی حق ہے ۔ ہم اس موقع پر اپنے مظلوم اور محصور کشمیری بھائیوں کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ پاکستانی ہی نہیں بلکہ ملت اسلامیہ انکے ساتھ ہے ۔آج ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کےلئے اکٹھا ہوئے ہیں تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جاسکے کہ جموں و کشمیر کا مسلمان تنہا نہیں انکی پشت پر ملت اسلامیہ کھڑی ہے انکی سفارتی اور اخلاقی مدد کرتے رہیں گے ۔قونصل جنرل نے مزید کہا کہ تنازعہ کشمیر کو نئی نسل تک پہنچانے کےلئے جدہ میں دونوں پاکستانی اسکولوں کی کارکردگی بہترین ہے جس کا اندازہ آج کی اس تقریب میں طلباءکی مثالی تقریریں سن کر ہوا ۔ طلباءنے جس خوبصورتی سے مسئلہ کشمیر کی عکاسی اپنی پرجوش اور مدلل تقریروں کے ذریعے کی اس کا سہرا اسکول انتظامیہ اور طلباءکے والدین کو جاتا ہے جنہو ںنے طلباءکو اس مثالی انداز سے مسئلہ کشمیر سے آگاہ کرایا ۔طلبا نے جس طرح تقریریں کی انہیں سن کر میں یہ کہوں گا کہ اتنا مدلل اور پرجوش خطاب تو میں بھی نہیں کرسکتا ۔ کشمیر کمیٹی جدہ کے حوالے سے قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ کمیٹی کشمیر کاز سے مخلص ہے اور انتہائی محنت اور لگن سے اپنا کام کررہی ہے ۔شہریار اکبر خان نے مزید کہا گزشہ یوم سیاہ کے موقع پرہم نے اسلامی کانفرنس تنظیم ( او آئی سی ) کے مرکزی دفتر میں جامع پروگرام منعقد کیا تھا جس کی سربراہی خود او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے کی تھی ۔ اس پروگرام میں بڑی تعداد میں سعودی اور دیگر ممالک کے شہریوں نے شرکت کر کے اسے کامیاب بنایا ۔ قبل ازیں کشمیر کمیٹی کے چیئر مین مسعود احمد پوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا یوم یکجہتی کشمیر 1990 میں سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کیا گیا جس کے بعد ہر برس دنیا بھر میں 5 فروری کو یہ دن منایا جاتا ہے ۔اس تقریب کا مقصد دنیا کو آگاہ کرنا ہے کہ پاکستانی اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں ۔بعدازاں پاکستان انٹر نیشنل اسکول العزیزیہ کے طالب علم محمد بلال ، معاذ عاصم ، اور پی آئی ایس جے انگلش سیکشن کے طلباءعمیر احمد اور امتیاز ابراہیم نے مسئلہ کشمیر کو مدلل اور پرجوش انداز میں انگلش اور اردومیں بیان کیا جبکہ العزیزیہ اسکول کے طلباءنے انتہائی پرسوز انداز میں کشمیر پر ترانے پیش کئے ۔ 

شیئر: