پشاور: اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی نے ن لیگ کے صدر شہباز شریف کی رہائی پر ردعمل دیتے ہوئے عدالتی فیصلے کو خوش آیند قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب اور انتقام میں واضح فرق نظر آنا چاہیے جبکہ شہباز شریف کی رہائی ہمارے تحفظات کو درست ثابت کررہی ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی نے ایک بیان میں کہا کہ ملک میں احتساب کو انتقام کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے عوام عدالتوں کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاامتیاز اور غیر جانبدارانہ احتساب کیے بغیر ملک سے بدعنوانی ختم نہیں کی جا سکتی، احتساب میں جانبداری سے کرپشن کو تقویت ملے گی اور کرپٹ لوگ چھتریاں بدلتے رہیں گے۔اگر احتساب کا طریقہ کار یہی رہا تو کپتان کو رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ نواز شریف کے بچے اور زرداری کی بہن اگر منی ٹریل دے سکتے ہیں توعلیمہ خان کو بھی دینا ہوگا۔