القدس۔۔۔ قابض اسرائیلی فورس نے مسجد اقصیٰ کے اطراف کشیدگی برپا ہونے پر القدس میں اوقاف اور اسلامی مقامات مقدسہ کونسل کے سربراہ شیخ عبدالعظیم سلھب کو اتوار کو گرفتار کرلیا۔ فلسطینی خبررساں ادارے وفا نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ ادارہ اوقاف کے نائب ڈائریکٹر جنرل ناجح بکیرات کو بھی گرفتار کرلیاگیا۔ اردنی وزارت اوقاف نے اس واقعہ پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فورس کی یہ حرکت قابل مذمت ہے۔ اس سے صورتحال سنگین ہوگی۔ یہ القدس اوقاف کے عملے پر دباﺅ ڈالنے کی اسرائیلی کوشش ہے ۔ اسرائیل مسجد اقصیٰ کے تحفظ کے سلسلے میں ادارہ اوقاف کے کردار کو کمزور کرنے کے در پے ہے۔ اس سے قبل مسجد اقصیٰ میں باب رحمہ سے داخل ہونے کیلئے ہزاروں فلسطینیوں نے زبردست نعرے بازی کی تھی۔ یہ دروازہ 2003ءسے اسرائیلی عدالت کے فیصلے پر بند پڑا ہوا تھا۔ اسرائیلی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ جمعہ کو جن 60 افراد کو گرفتار کیاگیاتھا، ان میں سے کئی کو رہا کردیا گیا تاہم ان پر پابندی ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ کا رخ نہ کریں۔