دمام۔۔۔ سعودی عرب کے معروف شیعہ عالم دین شیخ منصور السلمان نے کہا ہے کہ بانی مملکت شاہ عبدالعزیز رحمتہ اللہ علیہ کے عہد ہی سے ہمیں تمام حقوق مل رہے ہیں۔ خارجی ذرائع ابلاغ میں اس حوالے سے اس کے برعکس جو کچھ کہا جارہا ہے وہ دروغ بیانی اور افواہ طرازی کے سوا کچھ نہیں۔ خارجی عناصر سعودی عوام میں قومی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کیلئے افواہیں پھیلاتے رہتے ہیں۔ السلمان نے سبق ویب سائٹ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب بہت سارے ممالک کا ہدف بنا ہوا ہے۔ بڑے ممالک بھی شامل ہیں۔ یہ انسانی حقوق کے دفاع کے بہانے مملکت پر کیچڑ اچھالتے رہتے ہیں۔ مملکت کے مشرق سے مغرب، شمال سے جنوب تک شیعہ سنی فرقوں کے لوگوں کے درمیان کوئی فرق نظر نہیں آتا۔ القیدح میں نمازیوں پر دہشت گردانہ حملے نے شیعہ سنی فرقے کے لوگوں کو غم میں برابر کا شریک بنائے رکھا۔ اہل سنہ نے دہشت گردانہ حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے اعزہ سے تعزیت کی۔ السلمان نے اعتراف کیا کہ القطیف کمشنری میں خدمات کا معیار دن بدن بہتر سے بہتر تر ہوتا چلا جارہا ہے۔ قطیف کمشنری کا المسورہ محلہ دہشت گردوں کا اڈہ بن گیاتھا اب وہ قدیم و جدید کے حسین امتزاج کا مرکز بن چکا ہے۔ السلمان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ گزشتہ سال لندن میں بعض عراقی باشندوں نے مجھ سے عاشورہ پر خصوصی رسم و رواج کی بابت استفسار کیا تھا میں نے اس کے جواب میں یہی کہا تھا کہ اس کی بابت مجھ سے پوچھنے کے بجائے یوٹیوب پر جاکر دیکھیں کہ ہم لوگوں نے قطیف میں کس انداز سے عاشورہ منایا۔ سڑک پر 10 ہزار سے زیادہ شیعہ جمع ہوئے تھے اور انہوں نے انتہائی اطمینان اور سکون کے ساتھ عاشورہ منایا تھا۔ السلمان نے تقاریر اور مذہبی تہواروں کے موقع پر شیعہ علماء کے فرائض سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ وطن کی محبت ایمان کا اٹوٹ حصہ ہے۔ ہمارے خطیب مذہبی تہوارو ں پر خصوصاً حب الوطنی کا درس دیتے ہیں۔