سعودی کابینہ میں پاک، ہند امن مشن رپورٹ پیش
ریاض۔۔۔۔ سعودی کابینہ کا اجلاس منگل کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ریاض کے قصر یمامہ میں منعقد ہوا۔ کابینہ نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشیدگی کم کرانے سے متعلق سعودی قیادت کے مشن کے نتائج پر مشتمل رپورٹ وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر سے سنی۔ الجبیر شاہی ہدایت پر پاکستان اور ہندوستان کے دورے پر گئے تھے۔ انہوں نے وہاں دونوں ملکوں کے درمیان گرما گرمی کو کم کرنے اور حالات کو معمول پر لانے کے حوالے سے سعودی قیادت کی ہدایات کے مطابق ملاقاتیں کرکے مذاکرات کئے۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کو متاثر کرنے والے کسی بھی اقدام سے دونوں ملکوں کو باز رکھنے کی بابت سعودی قیادت کا پیغام دونوں ملکوں کے رہنماﺅں کو پہنچایا۔ اجلاس کے آغاز میں شاہ سلمان نے لبنانی وزیراعظم سعد الحریری سے اپنی ملاقات اور اس موقع پر سعودی عرب اور لبنان کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں او رخطے کے حالات حاضرہ پر تبادلہ خیال کے نتائج سے کابینہ کو آگاہ کیا۔ وزیر اطلاعات ترکی الشبانہ نے اجلاس کے بعدسعودی خبررساں ادارے ایس پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کابینہ میں عرب، علاقائی اور عالمی حالات حاضرہ پر متعدد رپورٹیں پیش کی گئیں۔ جبکہ قاہرہ اور متحدہ عرب امارات میں عرب وزرائے خارجہ کے اجلاس میں سعودی عرب کی شرکت کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔کابینہ نے متعدد معاہدوں ، تقرریوں اور ترقی سے متعلق 9قراردادیں بھی منظور کیں۔کابینہ عدالتی اور قانونی امور میں تعاون کے حوالے سے بیلاروس، اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام اور برطانیہ کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دی۔سعودی کابینہ نے عرب ممالک کو درپیش بحرانوں کے سیاسی حل سے متعلق اپنے غیر متزلزل موقف کا بھی اعادہ کیا۔