'اندازہ نہیں تھا کہ میں راتوں رات اتنا مشہور ہو جاؤں گا'
'اندازہ نہیں تھا کہ میں راتوں رات اتنا مشہور ہو جاؤں گا'
جمعہ 14 جون 2019 3:00
توصیف رضی ملک -اردو نیوز، کراچی
اس تصویر کے نتیجے میں صارم راتوں رات سوشل میڈیا سیلیبرٹی بن گئے
کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین میچ کے دوران جب باؤنڈری پہ کھڑے آصف علی نے آسٹریلوی بیٹسمین ڈیوڈ وارنر کا ایک نسبتاً آسان کیچ چھوڑا تو کیمرہ مین نے عین اسی لمحے چند قدم پیچھے کھڑے ایک تماشائی کے تاثرات عکس بند کر لیے جو حسرت و یاس کی تصویر بنے پوری قوم کے جذبات کی ترجمانی کر رہے تھے۔
لوگوں کو صارم اختر کے یہ تاثرات ایسے بھائے کہ سوشل میڈیا پر دھڑا دھڑ اس پہ میمز اور لطیفے بن گئے اوہ وہ راتوں رات انٹرنیٹ سلیبرٹی بن گئے۔
صارم نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی اپنے ڈھیر سارے میمز دیکھ چکے ہیں اور انہیں اس پہ کافی حیرت بھی ہے اور خوشی بھی۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں بالکل اندازہ نہیں تھا کہ ان کے تاثرات راتوں رات اتنے مشہور ہو جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ 'میرے گھر والوں کے حلقہ احباب میں سے بھی لوگ میرے حوالے سے میمز شیئر کر رہے ہیں جو وہ مجھے بھی دکھاتے ہیں۔'
صارم کا مزید کہنا ہے کہ ان کے خاندان، دفتر، دوست احباب اور سوشل سرکل میں آج کل بس یہی تذکرہ چل رہا ہے اور تھوڑی تھوڑی دیر بعد کوئی نہ کوئی نئی میم یا مزاحیہ خاکہ انہیں دیکھنے کو ملتا ہے۔ ان کے بقول وہ اس صورتحال کو انجوائے کر رہے ہیں۔
انگلینڈ کے شہر لندن میں رہنے والے پاکستانی شہری محمد صارم اختر 3 گھنٹے سے زائد کا سفر کر کے اپنے دوستوں کے ساتھ میچ دیکھنے سٹیڈیم پہنچے تھے اور خاصے پرجوش تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی نظر میں یہ ایک آسان کیچ تھا جو ایک لمحے کے لیے تو آصف کے ہاتھ میں تھا لیکن اگلے ہی لمحے زمین پر تھا جس سےانہیں شدید مایوسی ہوئی۔
صارم کا کہنا ہے کہ انہیں آصف علی کے ساتھ ہوئی گھریلو ٹریجڈی کے حوالے سے معلوم ہے، شاید یہی وجہ ہے کہ انہوں نے کیچ چھوڑنے پر ان پہ کوئی آواز یا جملہ تو نہیں کسا لیکن ان کے جذبات ان کے چہرے سے عیاں ہوگئے۔