Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ ’کنگ‘ شاہ رخ خان کے لیے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری

سوشل میڈیا صارفین نے بھی شاہ رخ خان کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری دیے جانے کے اعلان پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلیا کی لاٹروب یونیورسٹی بالی وڈ کے مشہور اداکار شاہ رخ خان کو میلبرن میں منعقد ہونے والے ’انڈین فلم فیسٹیول‘ کے دوران ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازے گی۔
لاٹروب یونیورسٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یونیورسٹی شاہ رخ خان کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری ان کی جانب سے نادار بچو ں کی امداد، ’میر فاؤنڈیشن‘ کے تحت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم اور انڈین انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں ان کی غیر معمولی کامیابیوں کے اعتراف میں دے رہی ہے۔‘
مذکورہ اعلان پر اپنے ردعمل میں شاہ رخ خان نے کہا کہ ’یونیورسٹی کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔‘
ایک بیان میں کنگ خان کا کہنا تھا کہ لاٹروب یونیورسٹی کا انڈین کلچر سے دیرینہ تعلق  ہے اور خواتین کو برابری کے حقوق دلوانے کے لیے اس کی کاوشیں متاثر کن ہے۔ ’لاٹروب یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری وصول کرنا میرے لیے حقیقی معنوں میں اعزاز کی بات ہے اور یونیورسٹی کا میری کامیابیوں کا اعتراف کرنے پر میں تہہ دل سے مشکور ہوں۔‘

کرن جوہر اور شاہ رخ خان فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کی سکریننگ کے لیے میلبرن جائیں گے، فوٹو: ٹوئٹر

خیال رہے کہ شاہ رخ خان اور کرن جوہر ’انڈین فلم فیسٹیول میلبرن‘ میں اپنی 1995 کی ہٹ فلم ’کچھ کچھ  ہوتا ہے‘ کی سکریننگ کے لیے موجود ہوں گے۔
شاہ رخ خان میلبورن فلم فیسٹیول میں مہمان خصوصی بھی ہوں گے۔
لاٹروب پہلی آسٹریلین یونیورسٹی ہے جو شاہ رخ خان کو ادب میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازے گا۔ یونیورسٹی کی جانب سے شاہ رخ خان کو اعزازی ڈگری نو اگست کو میلبورن کیمپس میں دی جائے گی۔
شاہ رخ خان کے والد میر تاج محمد خان کے نام پر قائم ’میر فاؤنڈیشن‘ ایک خیراتی ادارہ ہے جو خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔
فاؤنڈیشن تیزاب گردی کا شکار خواتین کی مدد کرتی ہے اور ان کا علاج بھی کرواتی ہے۔ فاؤنڈیشن کے تحت ملک بھر کے کئی ہسپتالوں میں بچوں اور خواتین کا مفت علاج ہوتا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے بھی شاہ رخ خان کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری دیے جانے کے اعلان پر ردعمل کا اظہار کیا ہے اور اس حوالے سے تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔
نکول ورما نامی ایک ٹوئٹر صارف نے تبصرہ کیا کہ ’شاہ رخ خان کے اعزازات میں ایک اور اعزاز کا اضافہ، اس کے باوجود اتنی انکساری۔‘

2004 میں ٹائم میگزین نے شاہ رخ خان کو ایشیا کے 20 ہیروز کی فہرست میں شامل کیا تھا۔
2009 میں انہیں یونیورسٹی آف بریڈ فورڈ شائر نے آرٹس اور کلچر میں اعزازی ڈگری سے نوازا اور اب لاٹروب یونیورسٹی انہیں ڈاکٹریٹ کی ڈگری دے رہی ہے۔‘

جگات جیت نامی صارف نے لکھا کہ ’ایک اور دن اور شاہ رخ خان کے نام ایک اور اعزاز۔‘
سبھم سوبیدی نامی صارف نے لکھا کہ ’ٹیلنٹ ایسی چیز ہے جو آپ جہاں بھی جاتے ہیں آپ کی عزت میں اضافہ ہی کرتا ہے۔ اس کی بہترین مثال شاہ رخ خان ہیں۔ ‘

شیئر: