Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کو ’خوبصورت‘ کہنے والا اکاؤنٹ معطل

نینسی لنڈبورگ سے منسوب جعلی اکاؤنٹ رواں ماہ جولائی میں ہی بنایا گیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکہ کے دوران تھنک ٹینک ’یو ایس انسٹیٹیوٹ آف پیس‘ سے خطاب کیا تو اچانک تھنک ٹینک کی صدر سے منسوب جعلی اکاؤنٹ ٹوئٹر پر نمایاں ہوا، لیکن چند گھنٹوں بعد ہی معطل کر دیا گیا۔
اس اکاؤنٹ پر زیادہ تر ٹریفک اور کمنٹس پاکستانی ٹوئٹر صارفین بالخصوص پی ٹی آئی کے سیاستدانوں اور ورکرز کے تھے۔

عمران خان نے نہ صرف تھنک ٹینک سے خطاب کیا تھا بلکہ ’یو ایس آئی پی‘ کی صدر نینسی لنڈبورگ کے ساتھ سوال و جواب کی نشت بھی رکھی، جس میں پاکستانی وزیراعظم نے ملک کے اندرونی حالات اور خارجہ پالیسی پر تبصرہ کیا۔
عمران خان کے خطاب اور تبصروں کو نینسی لنڈبورگ کے جعلی اکاؤنٹ پر تواتر سے شیئر کیا جاتا رہا۔ 
نینسی لنڈبرگ سے منسوب ایک ٹویٹ میں کہا گیا تھا کہ وہ ’عمران خان کا انٹرویو کرنے کو اپنے لیے اعزاز سمجھتی ہیں، وہ ایک دیانتدار رہنما اور بغیر کسی شک و شبہے کے خوبصورت وزیراعظم ہیں۔‘

 

عمران خان کو خوبصورت وزیراعظم قرار دینے والی ٹویٹ کو تقریباً 12 گھنٹوں میں تین ہزار سے زائد بار شیئر کیا گیا۔ 
 نینسی لنڈبورگ کے ’جعلی‘ اکاؤنٹ سے عمران خان کی تعریف میں کی گئی ٹویٹس کو سیاسی ورکرز سمیت پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے شیئر کیا۔ 
ایک اور ٹویٹ میں عمران خان کو دنیا کا خوبصورت ترین وزیراعظم قرار دیا گیا جسے سینکڑوں صارفین نے ری ٹویٹ کیا۔ 
 تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر سیما ضیاء نے نینسی لنڈبورگ کے ’جعلی‘ اکاؤنٹ  سے کی گئی پانچوں ٹویٹس کو ری ٹویٹ کیا، تاہم کچھ دیر بعد انہیں ہٹا دیا۔

 

 

جعلی اکاؤنٹ سے ایک پول بھی کرایا گیا جس میں لوگوں سے پوچھا گیا تھا کہ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور عمران خان میں سے زیادہ ’ہینڈ سم‘ یعنی پر کشش کون ہے۔
اس پول پر گیارہ گھنٹوں میں چھ ہزار سے زائد افراد نے اپنی رائے دی۔

 

نینسی لنڈبورگ سے منسوب جعلی اکاؤنٹ رواں ماہ جولائی میں ہی بنایا گیا تھا اور اس پر دو ہزار سے کچھ زائد فالوورز بھی موجود تھے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی مخصوص موقع پر جعلی اکاؤنٹس سے کوئی سرگرمی کی گئی اور وہ فوراً ہی جھوٹی بھی ثابت ہو گئی۔
دو روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستان وزیراعظم عمران خان کی ملاقات میں کشمیر کا ذکر سامنے آنے کے بعد کشمیری رہنما سید علی گیلانی سے منسوب ایک اکاؤنٹ بھی سامنے آیا تھا۔ اس اکاؤنٹ سے عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ 'میں اپنی زندگی میں پہلا لیڈر دیکھ رہا ہوں کہ جس نے ہم نہتے کشمیریوں کے لیے آواز اُٹھائی۔'

 

چند گھنٹوں میں ہزاروں ری ٹویٹس اور لائکس لینے والے پیغام کے متعلق بہت سارے صارفین نے کہا کہ ’کشمیری رہنما سید علی گیلانی کا کوئی ٹوئٹر اکاؤنٹ نہیں، یہ اکاؤنٹ جعلی ہے۔‘
حکومت پاکستان کی جانب سے جعلی خبروں کی روک تھام کے لیے ٹوئٹر پر فیک نیوز بسٹر کے نام سے ایک اکاؤنٹ بھی بنایا گیا تھا۔ اس اکاؤنٹ کے بننے کے چند گھنٹوں بعد اسی شناخت سے ایک نیا اکاؤنٹ بھی سامنے آ گیا تھا جس نے سوشل میڈیا صارفین کو پریشان کیے رکھا۔

شیئر:

متعلقہ خبریں