پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن فائیو کے تمام 34 میچز پاکستان میں ہی ہوں گے جن کے لیے چار شہروں، لاہور، کراچی، ملتان اور راولپنڈی کا انتخاب کیا گیا ہے۔
ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق سوموار کو پی ایس ایل کی تمام فرنچائزز نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام سے ملاقات کی ہے اور یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں ہی کروائے جائیں گے تاہم متبادل جگہ کے طور یو اے ای کو انتخاب کیا جا سکتا ہے۔
کرکٹ انفو کو ملنے والی معلومات کے مطابق پی ایس ایل کا آغاز 20 فروری 2020 کو کراچی سے ہوگا جبکہ کل 34 میچوں میں سے 13 میچ لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
اس کے علاوہ ملتان بھی پی ایس ایل کی میزبانی کے لیے تیار ہے جہاں آخری انٹرنیشنل میچ 2008 میں کھیلا گیا تھا جبکہ راولپنڈی کے میدان میں آخری انٹرنیشنل میچ 2006 میں کھیلا گیا تھا اور اب پی ایس ایل کے لیے اس کے میدان کی تزئین و آرائش کی جا رہی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ گذشتہ کئی برسوں سے پی ایس ایل کو ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کا ذریعہ قرار دے رہا ہے۔
اسی تناظر میں پی ایس ایل 2017 کا فائنل لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا جبکہ 2018 میں لاہور اور کراچی میں ٹورنامنٹ کے چار میچز ہوئے تھے۔
رواں سال کے پی ایس ایل ایڈیشن میں ابتدائی طور پر آٹھ میچز لاہور اور کراچی میں شیڈول کیے گئے تھے تاہم بعد میں انڈیا کے ساتھ کشیدگی بڑھنے کے بعد تمام میچز کراچی منتقل کر دیے گئے تھے۔
فرنچائز مالکان اور پی سی بی کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں ٹیموں کے کنٹریک کی مدت، پراپرٹی رائٹس اور بینک گارینٹیز کے علاوہ دیگر مسائل پر بھی گفتگو ہوئی۔
تاہم چونکہ یہ ایک غیر رسمی ملاقات تھی لہذا ان تمام مسائل پر بات چیت کو اس ماہ کے آخر میں ہونے پی ایس ایل جنرل کونسل کی ملاقات تک ملتوی کر دیا گیا۔