سعودی شہریوں نے3ماہ کے دوران 445ملین ریال خرچ کئے۔
برطانیہ کے سیاحتی ادارے کے جاری اعدادوشمار کے مطابق سیاحت کیلئے برطانیہ آنے والے سعودی شہریوں نے3ماہ کے دوران 445ملین ریال خرچ کئے۔ فی سعودی 21ہزار ریال کا تناسب بنتا ہے۔
الوطن اخبار کے مطابق 2019 کی پہلی سہ ماہی کے دوران سعودی عرب سے 23769سیاح برطانیہ پہنچے۔ زیادہ تر فضائی راستے سے برطانیہ گئے۔ آنے کے اسباب تعطیلات ، تجارت ، تعلیم اور مختلف امور تھے۔
سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران 7366سعودی خواتین برطانیہ کی سیاحت پر پہنچیں۔انہوں نے24.9ملین اسٹرلنگ پونڈ (114ملین ریال) خرچ کئے۔ ان میں 16 سے 65برس تک کی لڑکیاں اور خواتین شامل تھیں۔
اعدادوشمار میں یہ بھی بتایا گیا کہ سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران سعودیوں نے برطانیہ میں مجموعی طور پر 352257راتیں گزاریں ۔
برطانیہ جانیوالی سعودی خواتین کی تعداد میں اضافہ
برطانوی محکمہ سیاحت کا کہناہے کہ 2018 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں برطانیہ کی سیاحت پر آنے والی خواتین کی تعداد میں 76.6 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سعودی سیاح خواتین نے گزشتہ سال کے مقابلے میں 62.8فیصد زیادہ خرچ کئے اور224.9فیصد راتیں زیادہ گزاریں۔
برطانوی محکمہ سیاحت نے انکشاف کیا کہ 2018 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 2019کی پہلی سہ ماہی کے دوران سعودی مرد سیاحوں کی تعداد اخراجات اور برطانیہ میں گزاری جانے والی راتوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔2018کے مقابلے میںتعداد کے لحاظ سے 34.7 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔اخراجات میں 20.6فیصد کمی اور راتیں گزارنے کے حوالے سے 56.6فیصد کمی واقع ہوئی۔