ابوظبی: ٹریفک پولیس اہلکار پر لوگوں سے رقوم ہتھیانے کا الزام
ابوظبی: ٹریفک پولیس اہلکار پر لوگوں سے رقوم ہتھیانے کا الزام
پیر 9 ستمبر 2019 21:37
ملزم رقم لیکر چالان ختم کرنے کے دعوے کرتاتھا
ابوظبی کی عدالت میں محکمہ ٹریفک پولیس کے اہلکار کے خلاف مقدمہ کی سماعت جاری ہے۔ اس پر الزام ہے کہ وہ اپنے عہدے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے لوگوں سے رقوم اینٹھتا ہے ۔
امارات ٹوڈے کے مطابق شارجہ کی کرمنل کورٹ میں ٹریفک پولیس کے ایک اہلکار کے خلاف متعدد لوگوں نے شکایات درج کرائی کہ ملزم ان سے ٹریفک چالان کی رقم آدھی کرنے کا کہہ کر ان سے بھاری رقم لے چکا ہے ۔
عدالت کو ایک مدعی نے بتایا کہ رواں برس 10 مئی کو وہ اپنی گاڑی میں جارہا تھا کہ ملزم جوکہ پولیس یونیفارم میں ملبوس تھا نے ہاتھ کے اشارے سے اسے رکنے کا کہا۔ جب گاڑی روکی تو اس نے ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑی کے ملکیتی کاغذات طلب کئے ۔
مدعی کا کہنا تھاکہ گاڑی کے کاغذات ایکسپائر تھے کیونکہ میرے ذمہ ٹریفک خلاف ورزیوں کی مد میں 16ہزار درہم کے چالان تھے اس لئے گاڑی کے کاغذات کی تجدید نہیں کروا سکا ۔
مدعی نے عدالت میں مزید بتایا کہ ملزم نے مجھے کہا کہ وہ اسکے کاغذات کی تجدید کروادے گا ۔اس کے عوض اس نے مجھے سے 4300 درھم طلب کئے ۔ ملزم رقم اور کاغذات لیکر چلا گیا ۔
عدالت میں ایک اور مدعی نے بتایا کہ ملزم نے اس سے بھی رقم لی تھی اور کہا تھا کہ وہ چالان ختم کرادے گا ۔ رقم لینے کے بعد ملزم نے فون کا جواب تک نہیں دیا ۔ ایک ماہ بعد جب چالان دیکھا تو وہ اسی طرح تھا ۔
عدالت نے مقدمہ کی سماعت 29 ستمبر تک ملتوی کر دی ۔