Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’طوفان ہو یا قحط، میں پیار کرتی رہوں گی‘

عمران خان 5 اکتوبر 1952 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ فوٹو: ٹویٹر
سابق مایہ ناز کرکٹر اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی 67ویں سالگرہ پر انہیں سوشل میڈیا پر مبارکباد کے پیغامات بھیجے جا رہے ہیں اور پاکستان میں ٹویٹر پر ’ہیپی برتھ ڈے عمران خان‘ ٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا ہے۔
کوئی ان کی جوانی کی تصویریں شیئر کر رہا ہے تو کوئی کرکٹ ورلڈ کپ کی اور کسی نے ان کے سیاسی سفر کی تصویریں اپ لوڈ کی ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹویٹ میں عمران خان کے کرکٹ کیرئیر کی تصویر کشی کی ہے۔

ٹویٹر صارف اسد نے لکھا ہے کہ ’ہم اس شخص کا شکریہ ادا کرتے ہیں جس ہماری نسل کو سیاسی بصیرت دی اور نوجوانوں کو واپس سیاست میں لے کر آئے۔ عمران خان آپ کو سالگرہ مبارک۔‘
اداکارہ وینا ملک نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’میں دل کی گہرایوں سے مسلم دنیا کے لیڈر عمران خان کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ خدا کرے کہ وہ لمبی زندگی جیئیں اور مسلم دنیا کی رہنمائی کریں۔‘
بنجارہ نامی ٹویٹر ہینڈل نے لکھا ’وہ آیا، اس نے دیکھا اور فتح کر لیا۔ عمران خان میرے استاد اور اس صدی کے عظیم لیڈر ہیں۔ اللہ آپ پر رحمت کرے اور آپ کے پاکستان کو ایک خوشحال ملک بنانے کے خواب کو پورا کرے۔‘
ترکی میں عمران خان کی ایک فین ایلف احمت نے لکھا کہ ’میں مسلم دنیا کے رہنما عمران خان کو دل کی گہرایوں سے مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ ترکی کے لوگ آپ سے محبت کرتے ہیں اور ہم ترکی میں آپ کا دوبارہ استقبال کرنے کا انتظار کر رہے ہیں۔‘

مروہ نامی صارف نے لکھا کہ ’متاثرکن شخص کو سالگرہ مبارک، میں ہر حال میں آپ سے محبت کرتی ہوں چاہے طوفان ہوں یا قحط ہو، میں آپ سے ہمیشہ پیار کرتی رہوں گی۔‘

محمد شعیب لکھتے ہیں ’عمران خان کو سالگرہ مبارک جو ہمارے پیارے ملک میں مثبت تبدیلی لے کر آئے۔ ہم آپ کو سلام پیش کرتے ہیں۔ خدا کرے کہ آپ لمبا عرصہ زندہ رہیں۔‘

عمران خان 5 اکتوبر 1952 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق پشتونوں کے نیازی قبیلے سے ہے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم لاہور سے حاصل کی، پھر اعلیٰ تعلیم کے لیے برطانیہ چلے گئے جہاں اوکسفرڈ یونیورسٹی سے گریجویشن کیا۔
تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے 1971 میں 18 سال کی عمر میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت اختیار کی۔
عمران خان نے 1982 سے 1992 کے درمیان کپتانی کے فرائض بھی سر انجام دیے اور ان ہی کی قیادت میں 1992ء میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ جیتا۔
1994 میں انہوں نے سیاست میں عملی قدم رکھا اور پھر اپنی سیاسی جماعت ’پاکستان تحریک انصاف‘ بنائی۔ 2018 میں الیکشن جیت کر پاکستان کے وزیر اعظم بن گئے۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: