ابھی تک 26 لاکھ 28 ہزار646 افراد نے آرامکو کے شیئر خریدے ہیں (فوٹو: سبق)
آرامکو کمپنی کے حصص فروخت کرنے والے ادارے سامبا کیپٹل نے کہا ہے کہ ابھی تک 26 لاکھ 28 ہزار646 افراد نے آرامکو کے شیئر خریدے ہیں جن کی مجموعی مالیت 21 بلین 768 ملین ریال سے زیادہ ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سامبا کیپٹل نے کہا ہے کہ ’انفرادی طور پر خریدے گئے شیئر کی تعداد 680 بلین 254 ملین سے تجاوز گئی ہے۔‘
سامبا نے کہا ہے کہ ’شہریوں اور غیر ملکیوں نے 38.26 فیصد شیئر آن لائن ذرائع سے خریدے ہیں۔ ٹیلیفون سروس کے ذریعہ خریدے گئے شیئر کی شرح 1.85 فیصد، اے ٹی ایم کے ذریعہ خریدے گئے شیئر کی شرح 24.76 فیصد جبکہ برانچز کے ذریعہ 35.14 فیصد شیئر خریدے گئے ہیں۔‘
سامبا نے کہا ہے کہ ’انفرادی طور پر شہری وغیر ملکی جمعرات 28 نومبر تک آرامکو کے شیئر خرید سکتے ہیں۔‘
ادارے کا کہنا ہے کہ ’آرامکو کے شیئر خریدنے میں شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں نے غیر معمولی دلچسپی دکھائی ہے۔ ابھی تک حصص کی خرید اطمینان بخش طریقہ سے جاری ہے۔‘
واضح رہے کہ آرامکو نے ابتدائی طور پر شیئر کی قیمت 30 اور 32 ریال کے درمیان رکھی ہے تاہم تداول میں اندراج کے بعد اس کی حتمی قیمت کا تعین ہوگا۔