جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ جاری کرنے والی ویب سائٹ سے خبر دار
جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ جاری کرنے والی ویب سائٹ سے خبر دار
بدھ 4 دسمبر 2019 18:05
عض جعلساز غیر قانونی ویب سائٹ قائم کیے ہوئے ہیں فائل فوٹو: سوشل میڈیا
سعودی وزارت صحت نے بیماری کی چھٹی کے لیے سرٹیفکیٹ جاری کرنے والی جعلی ویب سائٹ سے خبردار رہنے کی ہدایت کی ہے۔
عاجل ویب سائٹ نے وزارت صحت کے حوالے سے بتایا ’ بعض جعلساز ایک غیر قانونی ویب سائٹ قائم کیے ہوئے ہیں اور ملازمین کو بیماری کی چھٹی کے لیے جعلی سرٹیفکیٹ فراہم کر رہے ہیں‘۔
وزارت صحت نے خبردار کیا کہ متعلقہ اداروں کے تعاون سے ان جعلسازوں کا تعاقب کیا جائے گا۔
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے ٹویٹ کیا ’ کوئی شخص اس غیر قانونی ویب سائٹ سے رجوع نہ کرے اور جعلسازوں کے جال میں نہ پھنسا جائے۔ ایسے لوگوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی‘۔
وزارت صحت کے ترجمان نے سعودیوں اور مقیم غیر ملکیوں کو مشورہ دیا ’ وہ غیر معتبر اداروں اور ویب سائٹس سے کسی قسم کا کوئی لین دین نہ کریں۔ بیماری کی چھٹی کے لیے میڈیکل سرٹیفکیٹ معتبر ذرائع سے حاصل کیے جائیں‘۔
یاد رہے کہ جعلی ویب سائٹ چلانے والے دعویٰ کررہے ہیں کہ اگر کوئی ملازم بیمار بھی نہیں ہوگا تب بھی وہ اسے بیمار ثابت کرکے چھٹی کی درخواست منظور کراسکتے ہیں۔ انہیں معتبر میڈیکل سرٹیفکیٹ فراہم کیا جائے گا جسے چیلنج نہیں کیا جاسکتا۔
سعودی وزارت صحت ’اجازات مرضیة‘ (بیماری کی چھٹیاں) ویب قائم کیے ہوئے ہے۔ یہ سرکاری طور پر منظور شدہ ہے۔ اس کے تحت ہسپتال اور ہیلتھ سینٹرز کو بیماری کی چھٹی کے لیے سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی اجازت حاصل ہے۔ یہ ویب سائٹ مریضوں ، ڈاکٹروں اور صحت اداروں سے متعلق تمام معلومات چیک کرکے ہی سرٹیفکیٹ جاری کرتی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں